ہاﺅسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کا خانیوال میں رواں مالی سال 18سکیموں پر 1531ملین خرچ کرنے کا فیصلہ

18

ملتان،29 جون(اے پی پی): ہاﺅسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے خانیوال میں رواں مالی سال 18سکیموں پر 1531ملین خرچ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ گزشتہ سال سے جاری 173 سکیموں پر 2506 ملین خرچ کیئے جا رہے ہیں، جن میں سیوریج اور صاف پانی کی سکیمیں شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ہاﺅسنگ لیاقت علی چٹھہ نے خانیوال میں جاری مختلف سکیموں کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی بھی موجود تھے۔ سیکرٹری ہاﺅسنگ نے کہا کہ 30جولائی تک تمام نئی سکیموں کے ٹینڈرز مکمل کر لیئے جائیں۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ان سکیموں کی منظوری دیں گے، کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اورکام کو جلد از جلد مکمل بھی کیا جائےگا۔

سیکرٹری ہاﺅسنگ نے کہا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ آفیسرز واٹر بوزر کمپنیاں بنائیں تاکہ سکیموں کوفعال انداز سے چلایا جائےعوامی رابطہ مہم کو بہتر بنایا جائے۔ہر سکیم فعال کی جائے،55  واٹر فلٹریشن پلانٹس کو فوری فعال کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔  یونین کونسلرکو بھی واٹر فلٹریشن کی صفائی اور فعال رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں گئیں ہیں۔

سیکرٹری ہاﺅسنگ نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنائیں گے، جہانیاں اور خانیوال میں فاٹا کے زیر انتظام نیا پاکستان ہاﺅسنگ سکیمز کو سولر سسٹم پر رکھنے کی ہدایات کی گئیں ہیں اور وہاڑی کی 17کمیونٹی کی کمپنیوں کو بھی مکمل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں ہیں۔