گلگت، 10جولائی ( اےپی پی): وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان میں تعلیم کی ترقی پر خاطر خواہ رقم خرچ کر رہی ہے۔ گلگت میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوۓ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے طلباء کو اعلی تعلیم کے حصول کے لئے سکالر شپ کی مد میں 65کروڈ روپے مختص کئے گئے ہیں جبکہ بلتستان یونیورسٹی کی توسیع کے لئے 60کروڈ روپے رکھے گئے ہیں وفاقی وزیر نے کہا کہ بلتستان یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی میں انجینئرنگ کی کلاسیں شروع کی جا رہی ہیں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں سکولوں کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کی سہولت فراہم کرنے کے لئے منصوبہ شروع کیا جاۓ گا۔انہوں نے کہا کہ گلگت میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس کا دفتر کھول دیا گیا اس کو مذید توسیع دیں گے۔ گلگت بلتستان میں کلچرل مقامات کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد اعلی تعلیم وفاق کا جبکہ ہائر سیکنڈری سطح تک تعلیم صوبوں کا سبجیکٹ ہے صوبے اپنی سطح پر تعلیم کے فروغ کے لئے کام کر رہے ہیں ملک میں یکساں تعلیم نصاب نافذ کیا جا رہا ہے نصاب تعلیم یکساں نہ ہونے سے لوگوں کے ذہین اور قوم بھی تقسیم ہو رہی ہے۔











