محکمہ ریونیو میں اصلاحات کیلئے ملتان ڈویژن میں عملی اقدامات کا آغاز،کمشنر نے ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیساتھ نئے بھرتی پٹواریوں کی ٹریننگ کی ہدایت کر دی

32

ملتان، 14 جولائی (اے پی پی): حکومت پنجاب  کا رجسٹر حقداران زمین میں انقلابی تبدیلی لانے کی جانب اہم قدم،محکمہ ریونیو میں اصلاحات کیلئے ملتان ڈویژن میں عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 کمشنر ملتان کی زیر صدارت ڈویژن کے تمام اسسٹنٹ کمشنر کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں  کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا کہ تمام جمع بندیوں میں زمین کے مالک کا شناختی کارڈ درج کرنے کا حکم دیا گیا تھا، جمع بندیوں میں شناختی کارڈ نمبر درج کرنے کے عمل میں ناقص کارکردگی پر کمشنر نے برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ 50 فیصد سے کم کارکردگی والے اے سیز  کو اظہار ناراضگی کا نوٹس جاری کیا جائے۔انہوں نے 30 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والوں کو شوکاز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔

جاوید اختر محمود نے کہا کہ شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے ہر فرد کی جائیداد آن لائن  ڈکلئیر ہوگی۔انہوں نے  ریونیو ریکوری کے اہداف بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ ریونیو نظام کو جدید خطوط پر استوار کرکے مزید فعال بنایا جارہا ہے۔

جاوید اختر محمود نے کہا کہ ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ کرنے کیساتھ نئے بھرتی پٹواریوں کو ٹریننگ کروائی جائے اور  تمام پٹواریوں کی بھرتی کا عمل شفاف بنایا گیا۔انہوں نے کہا گرداوری نظام کیساتھ نمبرداری نظام کی بحالی محکمہ مال کی بہتری کی جانب اہم قدم ہے۔

 کمشنرنے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ میں ہیرا پھیرا اور دو نمبری کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے ، عوام کو ریونیو سروسز انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے دیہی مرکز مال فعال کئے جارہے ۔انہوں نے کہا افسران حکومتی پالیسیوں کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے محنت کریں۔