تاشقند، 16 جولائی(اے پی پی): ، وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کی تاشقند میں سینٹرل اینڈ ساؤتھ ایشیا ریجنل کنیکٹیویٹی کانفرنس کے حوالے سے جمعہ کو یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کانفرنس کا مقصد علاقائی اور تجارتی روابط کو فروغ دینا ہے، علاقائی روابط کے بارے میں کانفرنس میں 60 سے زائد ممالک شرکت کر رہے ہیں، کانفرنس میں علاقائی روابط اور معاشی سرگرمیوں کے حوالے سے گفتگو ہوگی۔
چوہدری فواد حسین نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور ازبکستان کے صدر شوکت مرزیوف نے ملاقات کے دوران تاشقند سے گوادر تک ٹرین سروس اور کراچی سے تاشقند تک ٹرک کی نقل و حمل کا نظام قائم کرنے کی خواہش ظاہر کی جو علاقائی روابط کا ایک اظہاریہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 ممالک کے وزراءخارجہ اور سربراہان مملکت یہاں موجود ہیں جو تجارت، معیشت سمیت ویزوں میں سہولت کے حوالے سے روابط پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور افغانستان کے صدر اشرف غنی کی ملاقات بھی متوقع ہے جس میں اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ افغانستان میں امن قائم ہو تاکہ علاقائی روابط بہتر ہو سکیں، افغانستان میں امن سے ہم وسطی ایشیاءسے منسلک ہو جاتے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی افغانستان میں امن کیلئے کوششیں جاری ہیں، انشاءاللہ یہ جلد بار آور ہوں گی۔











