وزیراعظم پاکستان کے ماحولیاتی آلودگی سے خاتمے کیلئے 10بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سراہایا جارہا ہے، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم رضا حسین بخاری

77

مظفرگڑھ،16جولائی(اے پی پی): صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم رضا حسین بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ماحولیاتی آلودگی سے خاتمے کیلئے 10بلین ٹری منصوبے کو عالمی سطح پر سراہایا جارہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا پروگرام ‘‘خدمت آپکی دہلیز پر’’ پنجاب بھر میں کامیابی سے جاری ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے ‘‘خدمت آپکی دہلیز پر’’ پروگرام کے تحت ہفتہ شجر کاری کے موقع پر فیاض پارک مظفرگڑھ میں ٹرمینلیا کا پودا لگاتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی پی او حسن اقبال، فاریسٹ کنزرویٹر منظور احمد شیخ اور ڈی ایف او نعمان ارشد نے بھی فیاض پارک میں پودے لگائے۔

صوبائی پارلیمانی سیکرٹری مخدوم رضا حسین بخاری نے کہا کہ صنعتوں اور گاڑیوں سے خارج ہونے والے دھویں نے ہمارے ماحول کو آلودہ کردیا ہے اس آلودگی کا قدرتی حل زیادہ سے زیادہ شجر کاری ہے۔ پنجاب بھر میں ہفتہ شجرکاری منایا جارہا ہے جس کے تحت ہر ضلع کو 10ہزار پودے لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں حکومت پنجاب لاہور میں ایشیاء کو سب سے بڑا جنگل لگانے جارہی ہے جس سے نہ صرف لاہور بلکہ ارد گرد کے علاقوں کو بھی فائدہ ہوگا او رماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع مظفرگڑھ میں بھی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ جنگلات کی کاوشوں سے 2لاکھ 50پودے لگائے جائیں گے جوخوش آئند ہے۔

اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ درخت جہاں ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں وہاں یہ انسانوں کو آکسیجن بھی فراہم کرتے ہیں یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہر فرد اپنے حصے کا پودا لگائے اور اس کارخیر میں اپنا حصہ ڈالے اور اپنی آنے والی نسلوں کو ایک صاف ستھرا او خوشگوار ماحول فراہم کریں۔