آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کی تقریب اسناد و ایوارڈ کا انعقاد

38

کراچی، 16جولائی(اے پی پی): آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے آرٹس کونسل انسٹیٹیوٹ آف آرٹس اینڈ کرافٹس کی تقریب اسناد و ایوارڈ کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں وزیر ثقافت سندھ سید سردار علی شاہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز فاروقی پرنسپل آرٹس اینڈ کرافٹس انسٹیٹیوٹ شاہد رسام نے سردارعلی شاہ کا استقبال کیا۔

استقبالیہ خطاب میں پرنسپل انسٹیوٹ شاہد رسام کا کہنا تھا کہ میں اپنے اسکول کے اساتذہ کا بہت شکرگزار ہوں کہ ان کی محنت اور کاوش کی وجہ سے آرٹس انسٹیوٹ کا نام پورے پاکستان میں پہچانا جارہا ہے، پوزیشن ہولڈرز اور دیگر تمام اسٹوڈنٹس کو بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہمارے ادارے کے طالبعلم نہ صرف پاکستان میں بلکہ دیگر ممالک میں بھی کام کر رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، سید سردار علی شاہ کا بھی شکرگزار ہوں جو آج تشریف لائے۔

مہمان خصوصی صوبائی وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے کہا کہ صدر آرٹس کونسل احمد شاہ سمیت تمام پوزیشن ہولڈرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں یہ زندگی کا بہت اہم مرحلہ ہوتا ہے ہم اس فیز سے گزرے ہوئے ہیں جب اپ کے ہاتھ میں ڈگری آتی ہے یادگار لمحات ہوتے ہیں یہ، اب اپ سب اکیڈمی کی زندگی سے نکل کر عملی زندگی میں داخل ہو گئے ہیں، آرٹس کونسل میں آپ کے گزرے لمحات یادگار بن جائیں گے جو کچھ آپ نے سیکھا ہے وہ اب دنیا کو واپس کرنا ہے، آپ میں سے کوئی پکاسو ہو گامائیکل اینجلو ہوگا۔ ہمیں تخلیقی فنکار چاہیے ہمیں صادقین چاہیے یہ معاشرہ آرٹ کے بغیر نہیں چل سکتا امید ہے کہ آرٹس کونسل کا یہ ادارہ بہت جلد جامعہ میں تبدیل ہوبہت اچھا لگا یہ دیکھ کر کہ یہاں ہر طبقے سے تعلق رکھنے والا طالب علم موجود ہے۔ یہ سہرا صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کے سر جاتا ہے۔

انہوں نے پوزیشن ہولڈرز کے لیے تین لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا آخر میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تقریب میں شریک مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ آپ لوگ پاس ہو گئے ہیں، میری کوشش ہو گی کہ میں آپ تمام طلبا کو آرٹس کونسل سے جوڑے رکھنے کا کوئی حل ڈھونڈوں آپ کو ممبر شپ دیں گے اور مزید آگے لیکر جائیں گے۔