فیصل آباد، 20 جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ غیر ملکی اور پاکستان و کشمیر دشمن آقاؤں کے ذریعے عمران خان سمیت دیگر شخصیات کے فون ہیک کروانے کا انکشاف انتہائی شرمناک ہے اور چونکہ اس وقت سے اب تک مودی اور نواز شریف کاگہرا تعلق ہے جسے استعمال کرکے مودی کے ذریعے پاکستان میں اپوزیشن کے فون ہیک کرانے میں انہوں نے مودی کو خدمات فراہم کیں جبکہ عمران خان اس وقت نواز شریف کے خلاف پانامہ مہم چلارہے تھے اور ہیک کیاگیا نمبربھی عمران خان کے زیر استعمال تھالہٰذا انہیں اس بات کا جواب دینا ہوگا کہ اپوزیشن رہنماؤں کے فون کیوں اور کس مقصد کیلئے ہیک کئے جارہے تھے۔ سیاستدانوں، ججز، حساس اداروں کے حکام اور اعلیٰ افسران کے فون ٹیپ کروانا نواز شریف کی تاریخ رہی ہے جو مودی کے ذریعے ایسے اوچھے اقدامات تو کرسکتے ہیں مگرکشمیر الیکشن میں انتخابی مہم چلانے والے یہ لوگ مودی کے مظالم کا ذکر نہیں کرتے کیونکہ اس سے ان کی ذاتی اور خاندانی دوستیوں کو زک پہنچتی ہے۔
منگل کی سہ پہر سرکٹ ہاؤس فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چونکہ سابقہ ادوار میں فون ٹیپ کروانا نواز شریف کی تاریخ رہی ہے اسی لئے انہوں نے واٹس ایپ ہیک کرنے کیلئے مودی کے ذریعے کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف مودی کے حلف کی تقریب میں جاتے تھے اور ان سے پیار کی پینگیں بڑھانے کیلئے انہیں آموں اور ساڑھیوں کے تحائف بھجواتے بلکہ انہیں افغانستان کے دورے کے فوری بعد اپنے گھر بلاتے لیکن اس کے برعکس انہوں نے نہ تو حریت رہنماؤں سے ملاقات کی زحمت کی، نہ ہی اوفا ڈیکلریشن کے موقع پر مشترکہ اعلامیہ میں کشمیر کا کوئی ذکر کیا اور اب نواز شریف کی صاحبزادی خود کو کشمیر کی بیٹی قرار دیکر غیور کشمیریوں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن 25 جولائی کو محب وطن کشمیری ن لیگ کو ایسا جواب دیں گے کہ ان کی نسلیں یاد رکھیں گی۔
فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان جس وقت نواز شریف کے خلاف پانامہ مہم چلارہے تھے اس وقت ان کے فون ہیک کرنے کی ضرورت کیوں پڑی، اس سوال کا انہیں جواب دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اس وقت اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت کو لیڈ کررہے تھے اسلئے اگر ان کے فون ہیک کروائے جاسکتے ہیں تو اور لوگوں کے فون بھی لازمی ہیک کروائے گئے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نواز شریف اقتدار میں تھے اورعین اسی وقت مودی بھی اپنے مخالفین پر اسرائیلی سافٹ ویئر سے نظر رکھے ہوئے تھالہٰذاعین ممکن ہے کہ اس وقت یہ کام نواز شریف کروارہے تھے مگرسوال یہ ہے کہ عمران خان کا فون کیوں ہیک کیا جارہا تھا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف کی اتنی گہری دوستی تھی کہ مودی کے حلف پر یہ حریت رہنماؤں سے نہیں ملے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن میں تھے توانہوں نے پانامہ لیکس اور دیگر کرپشن کے معاملات پرشریف فیملی سے جواب مانگامگر ان کا ڈیٹا ہیک کیا گیااسلئے نواز شریف اس پر جواب دیں۔انہوں نے کہا کہ مودی کے توسط اور اسرائیلی سافٹ ویئر کے ذریعے پاکستانی ڈیٹا تک رسائی دی گئی اور مجموعی طور پر پچاس ہزار شخصیات کا موبائل ڈیٹا لیک کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اس اہم ترین اشو پرفوری اپنی پوزیشن واضح کرے۔
فرخ حبیب نے کہاکہ اپنے دور اقتدار کے بعداب نواز شریف الطاف حسین ٹو بنے ہوئے ہیں اور وطن واپس آنے کی بجائے باہربیٹھ کر پولو کے میچ دیکھ رہے ہیں لیکن انہیں ایک نہ ایک دن واپس آنا ہی ہوگا۔
فیصل آباد میں گزشتہ روز سے جاری شدید بارش اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ واسا کی تمام مشینری مکمل فنکشنل اور تمام افسران و عملہ ایکٹو ہونے سمیت سڑکوں پر موجود ہے لہٰذا چند گھنٹوں میں نکاسی آب کا عمل مکمل کرلیا جا ئے گا۔انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر عملہ صفائی سے تعاون کریں اور قربانی کے جانوروں کی باقیات گٹروں میں پھینکنے سے گریز کیا جا ئے تاکہ مون سون کی بارشوں میں نکاسی آب کا مسئلہ درپیش نہ آئے۔
اس موقع پر ایف ڈی اے کے چیئرمین و ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری لطیف نذر بھی موجود تھے۔











