فیصل آباد، 21 جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کا تہوار ہمیں سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ اپنی خواہشات کو بھی قربان اور کم وسائل و بے سہارا اور غریب افراد کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنے کا درس دیتا ہے اور فلسفہ قربانی کو زندگی کے ہر شعبہ میں اپنانے کی ضرورت ہے جبکہ سعودیہ سے 62 قیدیوں کی رہائی اور انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لاکر ان کے گھرانوں کو عید کی حقیقی خوشی فراہم کرنے کا سہرا عمران خان کے سر ہے۔
مدنی مسجد سمن آباد روڈ فیصل آباد میں بدھ کی صبح نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں ہم ان کشمیری بھائیوں کو کسی صورت نظرانداز نہیں کرسکتے جو اپنی آزادی کی جدوجہد میں اپنی قیمتی جانوں کے قربانیاں پیش کررہے ہیں مگر مسلم لیگ ن ان کی قربانیوں کو فراموش کرتے ہوئے مودی کی یاری میں ان کے زخموں پر نمک پاشی کررہی ہے لیکن بظاہر خود کو الیکشن کے چکروں میں کشمیر کی بیٹی قرار دیا جارہا ہے مگر اگر وہ واقعی کشمیر کی بیٹی ہیں تواپنے عمل سے ثابت کرتے ہوئے مودی کے کشمیر میں ڈھائے جانیوالے ظلم و ستم کے خلاف آواز بلند اور حریت رہنماؤں کے ساتھ مل کر ان کی جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ مودی سرکار کے پاکستان مخالف اقدامات کی کھل کر مذمت سمیت بھارت کے توسط سے اسرائیل کی جانب سے عمران خان کے فون ہیک کرنے کے واقعات کے اصل حقائق بھی سامنے لائیں۔
فرخ حبیب نے کہا کہ اسرائیلی سافٹ ویئر کے استعمال سے نواز شریف کے دور حکومت میں پاکستانی اپوزیشن رہنماؤں کے فون ہیک کرنے کے عمل نے بھارت کا بظاہر پیش کیا جانیوالا سولائزڈ چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم بھارت اور اس کے حواریوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے اور کسی کا پرائیویٹ ڈیٹا ہیک کرنے کے پیچھے چھپے ناپاک عزائم کو آسانی سے ہضم نہیں ہونے دیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے الیکشن کیلئے مریم صفدر نے دن رات ایک کررکھا ہے لیکن انہوں نے آج تک ایک بار بھی کھل کر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت اور مودی سرکار کی مذمت کی بات نہیں کی کیونکہ اس کیلئے ان کے والد نواز شریف نے انہیں منع کررکھا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ مودی کو دیئے گئے ساڑھیوں اور آموں کے تحفوں کی لذت آج بھی برقرار ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ نواز شریف اور مودی کی دوستی آج بھی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں اور بھارت پاکستان کے بارے میں کیا عزائم رکھتا ہے یہ بھی کسی سے پوشیدہ نہیں اسلئے جو بھارت کا یار ہے اسے کشمیر کے عوام بری طرح مسترد کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی اور استصواب رائے پر عمل میں سب سے بڑی رکاوٹ نریندر مودی ہے لیکن ن لیگ اسی سے پیار کی پینگیں بڑھارہی ہے۔
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مریم صفدر کو عمران خان فوبیا ہوگیا ہے جو کشمیر میں کشمیر کی بات کرنے کی بجائے واضح نظر آتی شکست سے بوکھلا کر ایک تقریر میں 25 بار عمران خان کا نام لیتی ہیں لیکن مودی کے ملک دشمن اقدامات پر تنقید نہیں کرتیں اور نہ ہی کوئی مذمتی الفاظ منہ سے نکالے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان حریت رہنماؤں کو اہمیت دیتے اور ان سے رشتوں کی مضبوطی سمیت کشمیر کے دلیر وکیل اور سچے سفیر کا کردار ادا کرتے ہوئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کا مقدمہ لڑاور اس کیلئے کھل کر آواز بلند کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام جانتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر عمران خان ہی حل کرواسکتے ہیں اسلئے انشااللہ 25 جولائی کے انتخابات میں پی ٹی آئی کامیابی حاصل کرے گی اور وہاں بھی وزیراعظم ہمارا ہی ہوگا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا بخوبی ادراک ہے اسی لئے انہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے اور ملک بھر میں قائم 4 ہزار یوٹیلیٹی سٹورز اور ان کی 900 فرنچائزز کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کیا جارہا ہے تاکہ ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے صرف حقداروں تک ہی اس کا حق پہنچ اور اس حوالے سے ہر قسم کی کرپشن کا خاتمہ بھی یقینی ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر 15 سے 20 فیصد سبسڈی دی جارہی ہے لیکن چونکہ گھی کی قیمتوں میں عالمی سطح پر 124 فیصدتک اضافہ ہوا ہے اسلئے ان قیمتوں کو ریشنلائز کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔انہوں نے کہا کہ اب صرف حقدار تک اس کا حق پہنچے گا اور کوئی غیر مستحق اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے گا۔
فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی کراؤن پرنس شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کی بات کی تھی جس کی روشنی میں بڑی تعداد میں سعودی جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے اور گزشتہ روز بھی 62 قیدیوں کو رہا کرواکر خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان لایا گیا ہے تاکہ وہ بھی اپنے گھر والوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں تمام پاکستانی بھائیوں میں عید کی خوشیاں بانٹنا اور سب کو ساتھ لیکر چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر نہتے کشمیریوں کی جدوجہد کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
وزیرمملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ عید الاضحی ہمارے دینی، مذہبی اور اخلاقی فریضہ کے ساتھ ساتھ قربانی، ایثار اورخوشیاں بانٹنے کابھی تہوار ہے لہٰذاعید قربان کے پر مسرت موقع پرفرزندان اسلام نادار، بے سہارااوریتیموں کوبھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں نیز کورونا کی چوتھی لہر کے پیش نظراحتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا جائے تاکہ سب کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔انہوں نے کہا کہ شہری عید پر ماسک ضرور پہنیں اور ہاتھوں کو بار بار دھوتے رہیں جبکہ موسم برسات کے باعث احتیاطی تدابیر کو بھی پیش نظر رکھا جائے۔
وزیر مملکت نے پاکستانی قوم کو عیدالاضحی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عید الاضحی کے مقاصد کو مدنظر رکھ کر ہمیں عید پر محروم طبقات کے ساتھ خوشیاں بانٹنی چاہئیں کیونکہ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کاحقیقی پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کو راضی کرنے کا ایک ذریعہ یہ بھی ہے کہ ہم وسائل سے محروم طبقے کو ا پنی خوشیوں میں شریک کریں تاکہ ان میں احساس محرومی نہ رہے۔انہوں نے کہا کہ عید کے موقع پر ہم قیام امن کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنیوالے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی لازوال قربانیوں کوبھی سلام پیش کرتے اورمظلوم کشمیری بھائیوں کی آزادی کیلئے دعاگو ہیں جن کی خوشیاں مودی سرکار نے چھین لی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہم سب کو مل کر عید قربان پر جھوٹ، منافقت اور غیبت کو ہمیشہ کیلئے قربان کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے او ران کے ساتھ یکجہتی کااظہار کرتے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا کہ عید قربان کا فلسفہ ہمیں اپنی ذات کی نفی، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار، بھائی چارے او راتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے جبکہ حیثیت قوم باہمی رنجشیں اور اختلافات کو فراموش کر کے ہمیں اخوت اور محبت کے جذبے کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ جن شہریوں نے ابھی تک کورونا ویکسین نہیں لگوائی وہ فوری ویکسین لگوائیں تاکہ ان کی اور ان کے پیاروں کی زندگیاں محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی اور حکومت کی طرف سے فرزندان اسلام کو عید کی مبارکبادبھی پیش کی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
بعدازاں انہوں نے شہر میں فیصل آباد ویسٹ مینجمٹ کمپنی کے لگائے گئے کیمپ کا بھی دورہ کیا۔











