ملتان، 23جولائی(اے پی پی): محکمہ لوکل گورنمنٹ پنجاب نے بلدیاتی اداروں کے سلسلے میں ٹرانزیشن کمیٹیاں تشکیل دے دیں۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کی زیر صدارت ضلع ملتان کی ٹرانزیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ہوا۔اجلاس میں ٹرانزیشن کمیٹی کے ممبران نویدالحق ارائیں،دیوان عباس بخاری ، دستگیر اٹھنگل ،منور احسان قریشی، سعید انصاری اور ڈاکٹر رفیق احمد شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ محکمہ بلدیات پنجاب نے سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں ٹرانزیشن کمیٹیاں تشکیل دی ہیں ، نئے بلدیاتی نظام میں یونین کونسل کا وجود ختم ہو چکا ہے، تحصیل کونسلوں کے قیام کے بعد ایک طویل مشق کے ذریعے بلدیاتی اداروں کے اثاثے تقسیم کر دیئے گئے تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے اثاثوں،ہیومن ریسورس اور انفراسٹرکچر کی تقسیم کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی ضرورت ہے، اثاثوں اور افرادی قوت کی تقسیم کے فیصلے ٹرانزیشن کمیٹی کرے گی اور انتظامیہ نے اس سلسلے میں ہوم ورک شروع کر دیا ہے، محکمہ بلدیات پنجاب سے بھی اس حوالے سے رہنمائی حاصل کی جائے گی۔
علی شہزاد نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کے اثاثوں کی تقسیم کے فیصلے باہمی اعتماد اور مشاورت سے کئے جائیں گے۔
اجلاس میں اے ڈی سیز قمرالزمان قیصرانی، محمد طیب خان اور اے سی سٹی خواجہ عمیر بھی موجود تھے۔