مسجد الحرام میں روبوٹ سروس کا آغاز، روبوٹ گیارہ زبانوں میں زائرین کی راہنمائی کرے گا

13

المکۃ المکرمہ،23جولائی(اے پی پی): سعودی حکومت نے مسجد الحرام میں روبوٹ سروس کا آغاز کر دیا ہے، روبوٹ سروس کا مقصد مناسک حج و عمرہ کے حوالے سے زائرین کی  راہنمائی کرنا ہے۔

 ادارہ امور حرمین شریفین کے صدر  ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے حرم شریف میں خودکار روبوٹ کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ جدید تکنیکی بنیادوں پر حرم شریف میں آرٹیفیشل انٹیلیجینس اور زائرین کی راہنمائی سے مناسک کی ادائیگی کے علاوہ بھی بہت سی آسانیاں پیدا ہوں گی۔

روبوٹ میں لگی ٹچ سکرین کی زریعے مُختلف سوالات پوچھے جاسکتے ہیں ، روبوٹ اردو اور انگریزی سمیت گیارہ مُختلف زبانوں میں جوابات مہیا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ مُختلف شرعی احکامات اور راہنمائی کیلئے بھی متعلقہ سعودی مفتی اور عالم سے براہ راست راہنمائی لی جاسکتی ہے۔

روبوٹ سٹینڈ کو چار پہیوں کی مدد حاصل ہے جسے ریموٹ کنٹرول سے بھی چلایا جاسکتا ہے۔ روبوٹ میں 5 گیفا ہرٹز کی تیز ترین فریکوئنسی  معلومات کا تبادلہ کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جسے وائی فائی نیٹورک سے منسلک کیا گیا ہے۔