ملتان، 25جولائی(اے پی پی): آزاد کشمیر کے انتخابات کے سلسلے میں ملتان میں قائم پولنگ اسٹیشنز میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے گرلز ہائی سکولز حرم گیٹ میں واقع مرد اور خواتین کے لئے قائم پولنگ اسٹیشنز کا معائنہ کیا اور پولنگ اسٹیشنز میں ڈیوٹی پر موجود عملے کی حاضری کو بھی چیک کیا۔ انہوں نے ووٹرز سے گفتگو کی اور پولنگ کے عمل بارے دریافت کیا اور مختلف امیداروں کے پولنگ ایجنٹ سے بھی بات چیت بھی کی۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے دو حلقوں کے لئے چار پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز کے حدود میں سی سی ٹی وی سیکیورٹی کیمرے لگائے گئے ہیں،سیکیورٹی کیمرے انٹرنیٹ سے لنک ہیں اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے بھی پولنگ اسٹیشنز کو مانیٹر کیا جارہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ پولنگ کا عمل انتہائی خوشگوار ماحول میں جاری ہے، پولنگ کے حوالے سے ابھی تک کوئی شکایت سامنے نہیں آئی ہے۔











