لاہور،25 جولائی(اے پی پی): وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ اب وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ملک میں ترقیاتی انقلاب آ رہا ہے اور احساس پروگرام کے ذریعے غریبوں کی کفالت کی جارہی ہے، ماضی میں سبسڈی کا غلط استعمال ہوتا رہا جبکہ اب کرپشن سے پاک نظام رائج ہورہا ہے اورشفافیت لائی جا رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں شمالی لاہور کے علاقہ جات ملتانی کالونی اور گوندل کالونی کو گیس فراہمی منصوبہ کے افتتاح کے موقع پر کیا جس پر اہلیان علاقہ کی بڑی تعداد نے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے فوڈ سیکورٹی جمشید اقبال چیمہ کو خوش آمدید کہا اور گیس فراہمی کی سہولت بہم پہنچانے کا منصوبہ منظور کروانے پر شکریہ ادا کیا۔
جمشید اقبال چیمہ نے کا کہنا تھا کہ اہل علاقہ کی فلاح و بہبود اور ترقی کے عزم کو برقرار رکھتے ہوئے خدمات کے سلسلے کو بہر طور جاری رکھا جائے گا، گیس فراہمی کا مطالبہ دیرینہ تھا آج اہل علاقہ کے ساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کر دیا گیا ہے، گیس کے ساتھ ساتھ صاف پانی کی فراہمی اور سڑکیں بنوانے کے منصوبہ جات پر بھی کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے حوالے سے عالمی صورت حال کو مدنظر رکھا جائے تو آسانی سے جانا جا سکتا ہے کہ پاکستان میں مہنگائی کا تناسب کس قدر کم ہے۔
آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت اور فتح کے حوالے سےجمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ یہ وزیر اعظم عمران پر قوم کے بھرپور اعتماد کا ثبوت ہے جبکہ آئندہ ملک میں مسلم لیگ ن کا کوئی نام لینے والا بھی باقی نہ رہے گا۔
افتتاحی تقریب سے رکن پنجاب اسمبلی مسرت جمشید چیمہ نے بھی خطاب کیا۔
آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کی کامیابی پر اہل علاقہ کے ساتھ مل کر خوشیاں منانے کا اعلان کرنے کے علاوہ نواز شریف اور مریم نواز کو شدید الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔











