جیکب آباد، 25جولائی(اے پی پی):وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نواب شاہزین خان بگٹی نے کہا ہے کہ ملک کو لوٹنے والے کوئی بھی ہو احتساب سب کا ہونا چاہیے،حکومت نے بہترین کارگردگی دکھائی تو اچھے نمبر ملیں گے نہیں تو دو سال بعد فیصلہ عوام خود کرے گی،سندھ میں گورنر رول لگانے والی باتیں صرف افواہیں ہیں۔
تحصیل ٹھل کے قریب گاؤں میر فیروز خان کنرانی میں راجا آفتاب کنرانی کی دعوت کی تقریب کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی نواب شاہزین خان بگٹی کا کہنا تھا کے بحریہ ٹاون والے معاملے پر جوڈیشنل کمیشن کے مطابق فیصلہ کیا جائے تو بہتر ہے، سندھ میں گورنر راج والی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں اور نہ ہی کسی صوبے میں گورنر راج لگانے کے امکانات ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی کوشش ہے کے بلوچستان کا مسئلہ ٹیبل ٹاک کے ذریعے حل کیا جائے، لاپتا افراد کا ڈیٹا جمع کررہے ہیں جس کی وجہ سے کسی سے زیادتی نہیں ہوگی اور نہ ہی کرینگے۔
نواب شاہزین خان بگٹی نے کہا کہ ملکی خزانے کو لوٹا گیا ہے ان کا احتساب ہوناچاہیے، کسی کو بھی رعایت یا ڈھیل نہیں دینی چاہیے،حکومت اور اپوزیشن جماعت کے سربراہوں نے اگر ملک کو لوٹا ہے تو ان کا حساب ہونا ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بہترین کارکردگی دکھائی تو بہترین نمبر ملیں گے، حکومتی اراکین نے بہترین کارکردگی نہیں دکھائی تو الیکشن میں فیصلہ عوام کریگی۔











