اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیر کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا، پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، وزیراعظم 5 اگست کو آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، پی ٹی آئی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرنے پر کشمیری عوام کے بے حد مشکور ہیں، بہت جلد کشمیری عوام کو خوشخبری دیں گے، جن لوگوں نے ہماری پارٹی کو کامیابی دلائی، ہم ان کی امیدوں پر پورا اتریں گے، آزاد کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر کے ناموں کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے، آزاد کشمیر کے انتخابات میں کئی نئے چہرے سامنے لائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ وہ کشمیر کے عوام کے مشکور ہیں جنہوں نے عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح گلگت بلتستان میں ہماری حکومت قائم ہوئی، ہم نے وہاں 370 ارب روپے کا خصوصی پیکیج دیا، آج وہاں 72 سال کی محرومیوں کا ازالہ ہو رہا ہے، انشاءاللہ بہت جلد کشمیر کے لوگوں کو خوشخبری دیں گے اور ان کے تمام مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید پہلے دن سے اس مہم میں ساتھ رہے، ہمارے وہ لوگ جنہوں نے کشمیر میں رہتے ہوئے عمران خان کا نظریہ گھر گھر پہنچایا، انشاءاللہ وہ سرخرو ہوں گے، جس پارٹی کے لئے انہوں نے ووٹ مانگا، وہ پارٹی اپنا مقصد پورا کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ اپوزیشن جماعتیں کشمیر الیکشن کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں، یہ امن و امان کا مسئلہ پیدا کریں گی۔ اس کی مثال ہمارے سامنے آ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دو نوجوان شہید ہوئے، ایک نوجوان کی حالت نازک ہے، گولیاں لگنے سے سات نوجوان زخمی ہوئے جبکہ تقریباً پچاس پارٹی ورکرز لاٹھی چارج اور پتھرائو سے زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان خاندانوں کے ساتھ ہیں، ہم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کی قربانیاں کشمیر کی ترقی کی صورت میں رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے صدر، وزیراعظم اور سپیکر کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن کا احترام کرتے ہیں، ان کا وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوگا، جو بھی فیصلہ ہوگا وہ اس کا احترام کریں گے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کی سیاست میں نئے چہروں کو سامنے لائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق احتساب ہماری ترجیح ہے، ہماری توجہ سیاحت، انفراسٹرکچر، صحت اور تعلیم پر مرکوز ہے، جس طرح گلگت بلتستان میں ہم نے ترقیاتی منصوبے شروع کئے، اسی طرح کشمیر میں بھی ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 5 اگست کو وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کریں گے، اس وقت وہاں ہماری اپنی حکومت ہوگی، ہم زیادہ مضبوط طریقے سے مسئلہ کشمیر پر اپنی آواز بلند کریں گے۔











