چکوال، 28جولائی(اے پی پی): ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کی مناسبت سے آج ڈی ایچ کیو ہسپتال چکوال میں ایک آگاہی سیمینار اور واک کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر چکوال کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم اور ایم ایس چکوال جناب ڈاکٹر مختار سرور خان نیازی نے کی۔ واک اور سیمینار کا مقصد عوام میں ہیپا ٹائٹس کے بارے میں آگاہی، بچاؤ واحتیاط، اور علاج کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔
ورلڈ ہیپاٹائٹس ڈے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ بلال ہاشم صاحب نے ہیپاٹائٹس سکریننگ کرانے کے لئے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بلڈ سیمپل دیا اور ٹیسٹ نیگیٹو آجانے کے بعد ہیپاٹائٹس بی سے بچاؤ کے لئے ویکسینیشن بھی کروائی۔ انہوں نے ضلع بھر میں عوام کو بھی تلقین کی ہے کہ وہ ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں اور رورل ہیلتھ سینٹرز میں دستیاب سکریننگ کی مفت سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ علاوہ ازیں ہیپاٹائٹس کے مریضوں کے لئے مفت علاج معالجہ کی سہولیات بھی دستیاب ہیں۔
اس وقت چکوال میں پنجاب ہیپاٹائٹس اینڈ انفیکشن کنٹرول پروگرام کے تحت 15 ہیپاٹائٹس کلینک کام کر رہے ہیں جن کا مقصد 2030 تک اپنے ملک سے ہیپاٹائٹس کا خاتمہ کرنا ہے۔عوام ہیپاٹائٹس سے بچاؤ کے لیے مفت سکریننگ ،ویکسینیشن اور علاج کے لئے قریبی ڈی ایچ کیو ،ٹی ایچ کیو اور رورل ہیلتھ سنٹر پر رابطہ کرہں۔











