اسلام آباد، یکم اگست ( اےپی پی): اتوار کو ”آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ” پروگرام میں ٹیلی فون کالز اور سوشل میڈیا پیغامات کے ذریعہ عوام سے براہ راست گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نور مقدم کا کیس خود پہلے دن سے دیکھ رہا ہوں، اس کی تمام تفصیل لی ہے، یہ خوفناک کیس ہے، یہ سانحہ گھر کے تمام کام کرنے والوں کے سامنے ہوا ہے، لوگ قاتل کے مضبوط خاندان سے ہونے کی وجہ سے اس کے بچنے کی باتیں کر رہے ہیں جو درست نہیں، وہ بلاشبہ دوہری شہریت کا حامل ہو وہ بچ نہیں سکے گا ، اس سانحہ کا صدمہ سب کو ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افغان سفارتکار کی بیٹی کا کیس بھی اپنی بیٹی کی طرح دیکھا ہے ، پولیس نے ایک ایک پہلو کی تفتیش کی، اس پر پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں، نور مقدم کیس میں بھی ایک ایک چیز کو دیکھ رہے ہیں، طاقتور سے طاقتور بھی ہو اس کو سزا پوری ملے گی۔











