پاکستان میں گزشتہ چھ دنوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ ویکسین لگانے کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے، اسد عمر

19

اسلام آباد۔1اگست  (اے پی پی):پاکستان میں گزشتہ چھ دنوں میں ایک دن میں سب سے زیادہ ویکسین لگانے کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے۔ اتوار کے روز این سی او سی میں اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں وبا کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد وبا کے پھیلاؤ کے حوالے سے کل وزیراعظم کو سفارشات پیش کریں گے۔اسد عمر نے کہا کہ انڈونیشیا ، ملائیشیا اور تھائی لینڈ سمیت ایران ، بنگلہ دیش اور مشرقی ایشیا میں اس وائرس کے پھیلنے کی صورت حال بدتر ہو رہی ہے۔ انہوں نےبتایا کہ  وبا کی پھیلتی ہوئی صورتحال کے مدنظرملک کے بڑے شہری مراکز میں کچھ پابندیاں لگائے جانے کا امکان ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ وائرس کی یہ ہندوستانی قسم برطانیہ کی نسبت زیادہ مہلک ہےاور بیماری کا پھیلاؤ بڑھ رہا ہے اور  لہذا اس مہلک وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں اس وقت ملک بھر میں  کل 2ہزار 600 ویکسینیشن سینٹرز اور 300 موبائیل یونٹس کام کر رہے ہیں۔انکا مزید کہنا تھا کہ کورونا  کے خلاف کامیابی این سی او سی کے فورم کے ذریعے مرکزی کوشش تھی۔ این سی او سی ایک غیر سیاسی فورم ہے اور تمام وفاقی اکائیوں کے لیے یکساں احترام رکھتا ہے۔ این سی او سی وبا سے نمٹنے کے لیے اسی حکمت عملی پر عمل کرتی رہے گی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ہسپتالوں میں اس وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد اوسطاً بڑھ رہی ہے اس کے علاوہ انتہائی نگہداشت والے مریضوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے اہم نگہداشت کی صلاحیت کو بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔