لاہور 2اگست(اے پی پی):صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنےمحکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اعلی سطی کے اجلاس کی صدارت کی۔اس اجلاس کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولیات اور مزیداضافہ کیلئے اقدامات کاجائزہ لیا اور کوروناکی چوتھی لہرکی شدت کے پیش نظرپنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔تمام سرکاری ہسپتالوں اور طبی اداروں کے سربراہان نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکو کورونامریضوں کیلئے دستیاب طبی سہولیات پر بریفنگ دی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ کوروناکی چوتھی لہر خطرناک حدتک مریضوں کو متاثرکررہی ہےاور اموات کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،پنجاب میں کوروناکی چوتھی لہرکے باعث مثبت کیسزکی شرح میں مسلسل اضافہ ہورہاہے،تمام سرکاری ہسپتالوں کی انتظامیہ اگلے 24گھنٹوں کے دوران کوروناکے مریضوں کیلئے دستیاب اور مزید اضافہ کیلئے طبی سہولیات کی تفصیلات پیش کریں،پنجاب کے سرکاری ہسپتالو ں میں کوروناکے مریضوں کیلئے آکسیجنیٹڈ بستر،وینٹی لیٹرز،بائی پیپس سمیت دیگر سہولیات وافرمقدارمیں دستیاب ہیں،پنجاب میں کوروناکے کیسزکی تعدادمیں اضافہ کے باعث سرکاری ہسپتالوں کی استدکاراگلے 24گھنٹے میں بڑھانے کی صلاحیت موجودہے،پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے طبی سہولیات میں اضافہ کیاجارہاہے،تمام سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز،نرسز،پیرامڈیکل سٹاف،مریضوں اوران کے لواحقین سے ماسک کی پابندی ہرقیمت پریقینی بنائی جائے،عوام سے کوروناکی چوتھی خطرناک لہرسے بچنے کیلئے ایس اوپیزپرسختی سے عملدرآمدکرنے کی اپیل کرتے ہیں،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے طبی سہولیات بڑھانے کے حوالہ سے ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرآصف طفیل کوفوکل پرسن مقررکیاگیاہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہورکے پانچ بڑے ہسپتالوں مئیو،جنرل،جناح،سروسزاورگنگارام سمیت صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے اضافی طبی سہولیات مختص کررہے ہیں،لاہورمیں ایمرجنسی کی صورت میں 350بستروں پر مشتمل ایکسپوفیلڈ ہسپتال کی سہولت موجودہے، پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کوروناکے مریضوں کیلئے طبی سہولیات تسلی بخش ہیں، الحمداللہ پنجاب میں کوروناویکسی نیشن میں کامیابی ہوئی ہے،صوبہ بھرمیں روزانہ کی بنیادپر ساڑھے پانچ لاکھ سے چھ لاکھ افرادکوکوروناویکسین لگائی جارہی ہے،
آئندہ ایام میں ویکسی نیشن کے مزید ہدف کو حاصل کرلیاجائے گا،ساہیوال میں جلدبی ایس ایل لیول تھری لیب قائم کی جائیگی،ڈاکٹرزپہلی،دوسری اور تیسری لہرکی طرح چوتھی لہرمیں بھی خدمت انسانیت میں انشاء اللہ پیش پیش ہونگے،سرکاری ہسپتالوں میں کورونامریضوں کے اعدادو شمارکے مطابق زیادہ تر بغیرویکسی نیشن کے متاثرہ مریض داخل ہورہے ہیں، ویکسی نیشن کروانے والے افرادکوکوروناوائرس بہت کم متاثرکررہاہے،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ کئیرورکرزکی سوفیصد ویکسی نیشن کو یقینی بنایاجائے،وائس چانسلرزصاحبان طبی درسگاہو ں میں طالبعلموں اور اساتذہ کی ویکسی نیشن کو یقینی بنائیں۔
اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن محمد عامرجان کا کہنا تھا کہ پنجاب کے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کورونامریضوں کیلئے طبی سہولیات کیلئے وافرفنڈزدستیاب ہیں،سرکاری ہسپتالوں میں ڈیٹاانٹری کے بہترنظام کو یقینی بنائیں گے۔











