جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے الگ سیکرٹریٹ کے تعمیراتی منصوبے کا آغاز

19

 

ملتان،03 اگست(اے پی پی): جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے الگ سیکرٹریٹ کے تعمیراتی منصوبے کا آغاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر کا متی تل میں سیکرٹریٹ کی سائٹ کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد، ایڈیشنل سیکرٹری آئی اینڈ سی جنوبی پنجاب کیپٹن رضوان قدیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب خان اور اے سی سٹی خواجہ عمیر محمود بھی انکے ہمراہ تھے۔  ایڈیشنل چیف سیکرٹری کو جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے تعمیراتی کام کے آغاز بارے بریفننگ دی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تعمیراتی ادارے آئی ڈیپ کو مقررہ مدت میں پراجیکٹ مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری کیپٹن ( ر) ثاقب ظفر نے کہا کہ متی تل سول سیکرٹریٹ 404 کنال پر مشتمل مثالی سہولیات سے آراستہ سیکرٹریٹ ہوگا اور کہا سیکرٹریٹ  بلڈنگ کی تعمیر پر 2.4 بلین روپے لاگت آئے گی اور کہا منصوبہ کے کام کے آغاز کے لیے 90 کروڑ روپے مل چکے ہیں، سیکرٹریٹ کی بلڈنگ کو 2 سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا، سیکرٹریٹ کے تعیناتی کام میں کوالٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیکرٹریٹ بلڈنگ کے منصوبے میں بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے اور کہا جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ مؤثر سروس ڈیلیوری کے نئے سفر کا آغاز کرے گا۔

علی شہزاد نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اراضی کے تعین اور لاگت کے مراحل ضلعی انتظامیہ نے ریکارڈ مدت میں مکمل کئے ہیں۔