اوکاڑہ،03اگست(اے پی پی): یوم شہدائے پولیس کے حوالے سے ضلعی پولیس کی جانب سے جناح پارک میں شمعیں جلا کر اوکاڑہ کےاڑتیس شہدائے پولیس کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد نے پولیس افسر ان کے ہمراہ شمعیں جلا کر شہدائے پولیس کی قربانیوں کو لازوال قرار دیتے ہوئے سلام پیش کیا۔ ڈی پی او فیصل شہزاد کا کہنا تھا اوکاڑہ پولیس کے جن اڑتیس پولیس افسران اور جوانوں نے شہادت کا رتبہ پایا ان کی قربانی لازوال ہے جس کو کسی بھی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اس موقع پر پولیس افسران ، شہر کی سیاسی سماجی شخصیات ، وکلاء اور میڈیا ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ جنہوں نے شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اپنے ہاتھوں سے شمعیں روشن کیں۔ اس موقع پر فاتحہ خوانی کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











