ملتان؛ ناقص کارکردگی پر77 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس ، 16  کو اظہار وجوہ جبکہ21 کو وارننگ لیٹر جاری

35

ملتان، 04 آگست (اے پی پی ):  کمشنر جاوید اختر محمود پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پر برہم ،کمشنر نے 77 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں اور 16 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو اظہار وجوہ، 21 کو وارننگ لیٹر جاری کیے گئے ہیں۔

کمشنر جاوید اختر محمود کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی بارے جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں

 بریفنگ  دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن میں ماہ جولائی میں63 مقدمات درج،90 گرانفروش گرفتار کئے گئے ہیں جبکہ 130 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 1 کروڑ روپے سے زائد جرمانہ کیا ہے ۔اگست کے پہلے 3 روز میں 46مقدمات درج،44 گرانفروش گرفتار کئے گئے ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئےکہا گیا کہ ڈویژن میں پہلے 3 روز گرانفروشوں کو17 لاکھ 75ہزار2سو روپے جرمانہ کیا گیا ہے۔

 کمشنر ملتان نے گراںفروشوں کیخلاف گھیرا مزید تنگ کرنے کی بھی ہدایت کی اور تنبیہ کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس محکمانہ کارروائی سے بچنے کیلئے کارکردگی بہتر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی گراںفروشوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کے واضح احکامات ہیں ۔

جاوید اختر محمودنے کہا کہ کمشنر آفس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی چیک کرنے کیلئے فیڈ بیک میکنزم فعال ہیں اور  پرائس کنٹرول مجسٹریٹس بڑے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں پر ہاتھ ڈالیں، عوام کی جیبیں کاٹنے والے گراں فروشوں کو حوالات میں بند کیا جائے گا۔