بٹگرام،04 اگست (اے پی پی): ضلع بھر میں یوم شہداء قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس حوالے سے مرکزی تقریب پولیس لائن بٹگرام میں منعقد ہوئی جس میں ڈی پی او بٹگرام طارق محمود خان، ڈی سی بٹگرام اشفاق خان، اےسی طہماس ایوب ،سابق ایم پی اے نواب زادہ ولی محمد خان، سابق تحصیل ناظم نیاز محمد خان ترند، ڈسٹرکٹ خطیب شاہد خان کے علاوہ پولیس شہداء کی فیملی، سیاسی و سماجی شخصیات اور صحافی برادری نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ضلع بٹگرام کے پولیس شہداء کو خصوصی اور دیگر پولیس شہداء کو عمومی طور پر خراج تحسین پیش کیا اور پولیس شہداء کی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لہر کے دوران پولیس صف اول پر کھڑی تھی اور اپنی جانوں کے نذرانے دے کر جوانمردی سے دہشت گردی جیسی لعنت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور یہ ان شہداء کی قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ملک میں امن و امان کی فضا برقرار ہوئی۔
اس موقع پر مہمانان نے شہداء کی فیملی میں مختلف تحائف تقسیم کیے اور آخر میں ڈسٹرکٹ خطیب نے دعا کی۔











