احمدپورشرقیہ،04اگست (اےپی پی): یوم شہدائے پولیس کے موقع پر یادگار شہداء پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ سلامی میں آر پی او محمد زبیر دریشک، ڈی پی او محمد فیصل کامران اور ڈی سی عرفان علی کاٹھیا نے شرکت کی۔
یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی گئی اور شہداء کیلئے دعا کی گئی جبکہ افسران نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کیے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد فیصل کامران نے کہا کہ آج کے دن شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ پولیس کے جوان دہشت گردی، جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کیلئے ہمہ وقت سینہ سپر ہیں۔
ڈی پی او نے کہا کہ ملک و قوم کی حفاظت کیلئے پولیس آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی، شہدائے پولیس ہمارے ماتھے کا جھومر، ہمارے محسن ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے شہداء کے خون کے وارث ہیں، ان کے لواحقین کے دکھ سکھ کے ضامن ہیں۔











