پاکستان کا آئین اقلیتی برادری کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے؛ڈپٹی کمشنر ملتان کا بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی اجلاس سے خطاب

14

ملتان، 04اگست(اے پی پی)ڈپٹی کمشنر علی شہزاد اور سی پی او منیر مسعود مارتھ کی زیرصدارت بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے نمائندہ افراد شریک ہوئے۔

  ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتی برادری کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے ، اقلیتی برادری کے مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ سکھ اور ہندو برادری کے لئے شمشان گھاٹ کے لئے جگہ کی فراہمی کا جائزہ لیا جائے گا، اقلیتی برادری کی رہائشی کالونیوں میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں اور  سرکاری ملازمتوں میں اقلیتوں کے کوٹے پر عمل کیا جارہا ہے۔

سی پی او منیر مسعود مارتھ نے کہا کہ اسلام میں اقلیتی برادری کو جتنے حقوق حاصل ہیں کسی اور مذہب میں نہیں ،اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کو مکمل  سیکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری کی مذہبی تہواروں کے موقع پر باقاعدہ سیکیورٹی پلان تشکیل دیا جاتا ہے ، اقلیتی برادری کے حقوق کا تحفظ ہماری مذہبی ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں شریک شکلہ دیوی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی میں نئے ممبران بھی شامل کئے جائیں۔

اجلاس میں سردار جی رویندر سنگھ،سُکھ دیو رائے، قیصر پرویز سمیت سید مظہر گیلانی، علامہ عبدالحق مجاہد ،علامہ احمد حنیف جالندھری،علامہ ڈاکٹر کریم نقوی اور رئیس احمد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی بھی شریک ہوئے۔