وہاڑی،06 اگست(اے پی پی ):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر عبداللہ خان نیازی کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جرائم کی شرح کم کرنے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے اور وہاڑی پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا۔اجلاس کے دوران محرم الحرام کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے ہرتھانہ کے کرائم کا الگ الگ جائزہ لیا اور سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان اور مجرمان اشتہاریوں کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی اور مقدمات کی جلد از جلد یکسوئی کے لئے احکامات جاری کیے گئے۔انہوں نے کہا کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ پولیس افسران،تھانہ میں آنے والے شہریوں کی بات غور سے سنیں ، فوری دادرسی کریں، ٹاؤٹ و جرائم پیشہ افراد کو تھانہ اور اپنی قربت سے دور رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ جوڈیشل، حوالات، عبادت گاہوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور علاقہ کے معززین کو آن بورڈ کر کے ٹھیکری پہرہ کو یقینی بنایا جائے،اچھی کارکردگی پرانعام جبکہ غفلت پر محکمانہ احتساب پالیسی کا حصہ ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا کہ محرم الحرام کی آمد کے حوالےسے سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں کہا کہ پکار 15 کی سنگین نوعیت کی کالز پر میں خود کالر سے پولیس رسپانس کے بارے میں پوچھتا ہوں لہذا 15کی کال سمیت کسی بھی واردات پر فوری طور پر موقع پر پہنچ کر واردات اور ملزمان کو ٹریس کرنے کے لئے رسپانس دیں، کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام معاملات کی نگرانی میں خود کروں گا۔
امیر عبداللہ خان نیازی نے کہا کہ مقدمات کی انٹیرم رپورٹ دفتر پراسیکیوشن برانچ میں 14یوم کے اندر جمع کروائیں اور روڈ سرٹیفکیٹ واپس لیں جبکہ حوالات میں بند ملزمان کی صحت کا خیال رکھا جائے اور تفتیشی امور میں بہتری لائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کا اپنے برتاؤ، رویہ اور روابط میں محتاط ہونا انتہائی ضروری ہے۔
اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن میاں عبدالرؤف، ڈی ایس پی بوریوالا محمد اشرف تبسم اور ضلع بھر کے ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔











