سندھ میں پی پی کی یہ آخری باری ہے، اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہو گی؛ حلیم عادل شیخ

19

گھوٹکی،06اگست(اے پی پی):اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ  جلد وزیر اعظم عمران خان سندھ کا دورہ کریں گے اور اہم سیاسی شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت ہو گی،سندھ میں پی پی کی یہ آخری باری ہے، اگلی حکومت تحریک انصاف کی ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  این اے 205 ضمنی انتخابات کیس میں میرپورماتھیلو ماڈل کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔عدالت نے سماعت 28 اگست تک ملتوی کردی۔ اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے ن لیگ اور ایم کیو ایم سے متعلق کہا کہ پنجاب میں ن لیگ کی کراچی میں ایم کیو ایم کی چھٹی ہوئی اسی طرح سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی کی چھٹی ہوگی پاکستان پیپلز پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہے اس لیے کابینہ میں ردو بدل کی جارہی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے بلاول کو وراثتی جبکہ   مرتضی وہاب کو سن کوٹا کی پیداوار قرار دیا ۔اتحادی پارٹی کے متعلق انہوں نے کہا کہ فنکشنل لیگ اور جی ڈی اے سے ہمارا اتحاد ہے جسے اتحاد میں آنا ہے وہ آ سکتا ہے،پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ہر حلقے میں اپنا امیدوار کھڑا کرے گی۔