اسلام آباد۔7اگست (اے پی پی): صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک چائینہ سنٹر میں منعقدہ وزارت اطلاعات و نشریات کے8 ذیلی اداروں کی ڈیجیٹلائزیشن کے منصوبہ نیشنل ڈیجیٹل انفارمیشن پلیٹ فارم ” این ڈی آئی پی ” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذہانت میں پاکستانیوں کا کوئی ثانی نہیں مگر حالات کی خرابیوں اور کرپشن کی وجہ سے ہم کمزور ہوتے گئے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جعلی خبریں بنائیں اور انہیں دنیا میں پھیلایا، پاکستان بدعنوانی کی وجہ سے مالی اعتبار سے پیچھے رہ گیا لیکن ذہانت میں دنیا کے کسی ملک سے کم نہیں، وزارت اطلاعات کو اس کے 8 ذیلی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں اس کا کریڈٹ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کو جاتا ہے،حقائق کے برعکس خبروں کی نشر و اشاعت پاکستان سمیت دنیا بھر میں ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے،ٹیکنالوجی کے مثبت اور تعمیری استعمال سے اسلاموفوبیا کا مقابلہ ہوگا اور دنیا بھر میں پاکستان کا وقار بلند ہوگا، صو فی ازم میں سب سے زیادہ محبت کا درس دیا جاتا ہے، پاکستان میں 35لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی لیکن ہمیں درس دینے والے مغربی ممالک مہاجرین کو سمندر کی لہروں کا نشانہ بننے دیتے ہیں اور ان کو پناہ نہیں دیتے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی قیاد ت میں پی ٹی وی ، ریڈیو پاکستان ، اے پی پی ، پیمرا ، پی آئی ڈی ، ڈیجیٹل میڈیا ونگ اور میڈیا یونیورسٹی کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں شرکت باعث مسرت ہے ۔ انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو قومی میڈیا کی ڈیجیٹلائزیشن پر مبارکباد پیش کی ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پی ٹی وی کا جب آغاز ہوا تو یہ بلیک اینڈ وائٹ تھا اور اس کی نشریات محدود وقت کیلئے ہوتی تھیں ، پھر پی ٹی وی رنگین ہوا اور اس کے بعد پی ٹی وی کا سنہرا دور شروع ہوا اور ہمارے ڈرامے دنیا بھر میں دیکھے جاتے تھے اور انتہائی مقبول بھی تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس دور میں پاکستان ٹیلی وژن کی پروڈکشن کا کوئی ثانی نہیں تھا۔ پی ٹی وی نے بڑے بڑے فنکار پیدا کئے ہیں اور معین اختر سے بڑا کامیڈین میں نے دنیا میں نہیں دیکھا ۔ صدر مملکت نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ دنیا ترقی کر گئی لیکن پی ٹی وی ایچ ڈی پر منتقل نہ ہوسکا ۔ انہوں نے کہاکہ جب ہم حکومت میں آئے تو اس حوالہ سے کام کا آغاز کیا ، انہوں نے کہا کہ چوہدری فواد حسین مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے قومی میڈیا کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا اقدام کیا ہے۔ چوہدری فواد حسین جہاں بھی جاتے ہیں تہلکہ مچا دیتے ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حقائق کے منافی اور جھوٹی خبروں سے دنیا پریشان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خدا تعالی نے بھی غلط خبر کے بارے میں ہدایت کی ہے کہ اگر کسی چیز پر شبہ ہو تو تحقیق کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اس وقت دنیا پر بھاری ہو چکی ہے اور پاکستان پر بھی ان کا حملہ جاری ہے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ غلط خبریں دنیا میں تباہی مچاتی ہیں اور عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی موجودگی کی جھوٹی خبریں دی گئیں وہاں کیمیکل لیب کی موجودگی کا دعویٰ بھی جھوٹ نکلا، عراق کی جانب سے یورنیم خریدنے کی باتیں بھی جھوٹ نکلیں، اس جھوٹ پر مبنی خبروں کو بنیاد بنا کر پوری دنیا کو گمراہ کیا اور دنیا نے عراق پر بمباری کی اجازت دی۔غلط خبروں کی بنیاد پر ہی عراق میں تباہی مچائی گئی اور لاکھوں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، حضرت محمدۖ ﷺکا آخری خطبہ ایک لاکھ کے مجمع نے سنا ہوگا جہاں نبیۖ ﷺکی بات آگے سنانے کیلئے یقینا ًمکبر ذمہ داری نبھا رہے تھے اس کے بعد اذان کی آواز دور تک سنائی دینے کیلئے مساجد کے مینار تعمیر کئے گئے پھر لائوڈ سپیکر نے اس کی جگہ لی یہ سارے کمیونیکیشن کے ذرائع تھے۔











