اسلام آباد،10اگست (اے پی پی):پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ای) اور کے الیکٹرک کے درمیان900 میگاواٹ کے بی کیو پی ایس۔III پاور پلانٹ کے لئے گیس کی فراہمی کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔
منگل کو اس سلسلے میں سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی اور سی ای او پاکستان ایل این جی (پی ایل ایل) مسعود نبی نے تاریخی معاہدے پر دستخط کئے۔ یہ کسی سرکاری توانائی کمپنی اور بجلی کے شعبے کی نجی کمپنی کے درمیان اپنی نوعیت کا پہلا معاہدہ ہے جس کے تحت آر ایل این جی سے چلنے والے 900 میگاواٹ کے پاور پلانٹ کے لئے 150 ایم ایم سی ایف ڈی گیس پاکستان ایل این جی کے الیکڑک کو فراہم کرے گی۔
وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے دونوں کمپنیوں کواہم سنگ میل کے حصول پر سراہا اور کہا کہ کراچی کے مستقبل کے لئے ایک درست قدم اور کے الیکٹرک اور پی ایل ایل کے لئے مثبت پیشرفت ہے جس کے ذریعے دونوں کمپنیوں اور کراچی کے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا اور کراچی کی ضروریات پوری ہوں گی۔ بی کیو پی ایس تھری 600 ملین ڈالر لاگت سے زائد کا کے الیکٹرک کا ایک اہم منصوبہ ہے اور اس کے ذریعے 900 میگاواٹ بجلی کے الیکٹرک حاصل کرے گا جس سے کراچی کی بڑھتی ہوئی بجلی کی ضروریات کو پورا کیا جاسکے گا۔
اس موقع پر سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ آج ایک تاریخی موقع ہے اور اس سلسلے میں کراچی کے باسیوں کے لئے حمایت اور تعاون پر وزیر توانائی کے ہم شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی کیو پی ایس تھری منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور یہ حالیہ عرصے میں تیزی کے ساتھ پیداوار شروع کرنے والا منصوبہ ہے اور یہ معاہدہ کراچی کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاون ثابت ہوگا۔
پی ایل ایل کے سی ای او مسعود نبی نے کہا کہ ملک کی پائیدار ترقی کے لئے نجی اور سرکاری شعبے میں تعاون کے فروغ کے حوالے سے یہ معاہدہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
پٹرولیم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر سمیت وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر، سیکرٹری پٹرولیم اور دونوں کمپنیوں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔











