اٹک،10 اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ محر م الحرام میں مجموعی امن و امان اور عوامی سہولت کے لیے تمام اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی سی آفس اٹک میں محرم الحرام کے سلسلے میں جائزہ اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) اٹک شہر یار عارف خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ا ٹک مر ضیہ سلیم، ضلع بھر کے اسسٹنٹ کمشنرز، بلدیہ کے چیف افسران، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر جواد الہٰی، سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس، ڈی ایس پی ٹر یفک مسرت عباس،ڈی ایس پی سردار اظہر شبیر خان اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اجلاس کے شرکاء کو اس موقع پر انتظامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ فول پروف سیکیورٹی کی مکمل ذمہ داری ضلع پولیس کی ہو گی اور اس ضمن میں انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ تمام مذہبی اجتماعات کورونا ایس او پیز کے مطابق ہو ں گے۔شہری دفاع، صحت، ریسکیو1122، ٹریفک پولیس، ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں اور دیگر قانون نافذ کر نے والے ادارے بھی اپنا بھر پور کر دار ادا کر یں گے۔ اس کے علاوہ ضلعی اور تحصیل سطع پر کنٹرول رومز بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں سے تمام مذہبی اجتماعات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی جاری رہے گی۔
ڈی سی اٹک نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران انتہائی ہوش مندی اور مستعدی سے کام لیں۔ تمام رو ٹس اور مذہبی اجتماعات کی باقاعدگی سے نگرانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری اعتبار سے ہر قسم کے آتش گیر مادے کے لا ئیسنس منسوخ کر دیئے گئے ہیں اور اس ضمن میں ہر قسم کا مواد قبضے میں لینے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ یہ احکامات یکم محرم سے دس محرم تک مؤثر رہیں گے۔ اسسٹنٹ کمشنرز ہر گھنٹے بعد جلوس اور مذہبی اجتماعات سے متعلق ڈی سی آفس اٹک کو رپورٹ کر یں گے۔تمام متعلقہ محکمے ایکدوسرے سے مکمل رابطے میں رہیں گے۔تمام متعلقہ ضلعی افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔اگر کسی آفیسر کو انتہائی ایمر جنسی کی ضرورت میں چھٹی کی ضرورت ہوتی ہے تو وہ پیشگی اجازت سے سٹیشن چھوڑے گا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے افسران لنگر اور سبیلوں کا معائنہ کر یں گے۔ روزانہ کی بنیاد تمام صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے کر رپورٹس اعلیٰ حکام کو بھجوائی جائیں گی۔ ڈی سی اٹک نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام میں انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کر یں۔











