لسبیلہ /اسلام آباد۔10اگست (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بلوچستان کی ترقی کے لئے ایک ہزار ارب روپے خرچ کررہے ہیں، ماضی کے حکمران بلوچستان کی بجائے لندن زیادہ جاتے رہے، بلوچستان کے اپنے رہنمائوں نے بھی صوبہ کی ترقی پر توجہ نہیں دی، بلوچستان ترقی میں دوڑ میں ملک کے دوسرے علاقوں سے پیچھے رہ گیا اس لئے صوبہ پر زیادہ توجہ مرکوز ہے۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار منگل کو سونمیانی بیچ پر شجر کاری مہم کا افتتاح کرنے کے بعد پودے لگانے والے کارکنوں اور مقامی لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساحلی علاقے بہت ہی خوبصورت ہیں جہاں سیاحتی مقامات بنائے جاسکتے ہیں، اب تک پاکستان میں سیاحت کے فروغ کے لئے تمام توجہ پہاڑی علاقوں پر دی گئی، لسبیلہ میں سیاحت کے فروغ کے وسیح مواقع ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں مسلم ملکوں کے سیاحوں کو راغب کرنے کے کافی مواقع ہیں، پاکستان اللہ تعالیٰ کی جانب سے بہت بڑا تحفہ ہے، بدقسمتی سے ہم نے اس تحفے کی قدر نہیں کی، حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ لوگوں کی زندگی بہتر کی جائے، ماضی کے حکمران بلوچستان کی بجائے لندن زیادہ جاتے رہے، بلوچستان کے اپنے رہنمائوں نے بھی صوبہ کی ترقی پر توجہ نہیں دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ساحلی علاقوں میں مینگروز کے جنگلات 4 گنا زیادہ مضر صحت کاربن ڈائی آکسائیڈ جذب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی ماہرین کی حالیہ رپورٹ کے مطابق عالمی حدت میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، عالمی حدت میں اضافہ سے مختلف ملکوں میں آگ لگنے، سیلابوں سمیت قدرتی آفات کا سامنا ہے۔











