نارووال،10 اگست ( اے پی پی): صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پیر سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ قیام امن کے لئے تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے،محرم الحرام کے مقدس مہینے میں بھی بھائی چارے اور رواداری کی فضاء کو پروان چڑھانے میں علماء کرام اپنا بھرپور تعاون جاری رکھیں۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اوقاف نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے، مجالس اور جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی، راستوں میں روشنی، صفائی، نکاسی آب سمیت دیگر انتظامات بارے اجلاس سے خطاب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پرضلعی انتظامیہ، پولیس تمام سرکاری اداروں اور ضلعی و تحصیل امن کمیٹیوں سے مل کر تمام انتظامات قبل از وقت مکمل کرے۔
ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے صوبائی وزیر اوقاف کو بتایا کہ ضلع کی سطح پر مسلسل مانیٹرنگ کیلئے ڈی سی آفس میں کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے، جہاں سے حساسں جلوسوں، مجالس کی بذریعہ سی سی ٹی وی کیمروں سے لائیو مانیٹرنگ کی جائے گی اور ڈی سی آفس میں کنٹروم روم قائم کردیاگیا ہے اور اس کے علاوہ جلوس کی گزرگاہوں میں صفائی ستھرائی اور بجلی کی لٹکتی تاروں کے لئے ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
ڈی پی او سید اکبر علی شاہ نے صوبائی وزیر اوقاف کو ضلع بھر میں منعقدہ جلوس اور مجالس کی سیکورٹی کے لئے کئے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ محرم الحرام میں غیر ملکی امن دشمن قوتیں فرقہ وارایت کی آگ بھڑکانے کے مذموم ایجنڈا کی تکمیل کیلئے متحرک ہو جاتی ہیں ایسی قوتوں کے خلاف ہمیں اپنی صفوں میں مکمل اور مثالی اتحاد پیدا کرتے ہو ئے مسلسل چوکنا رہنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام مسالک کے جید علماء کرام مکمل ہم آہنگی اور بھائی چارے کے ساتھ قیام امن کی حکومتی کوششوں کو کامیاب بنائیں کسی بھی شرانگیزی، فرقہ واریت اورمذہبی منافرت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر اوقاف نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بالخصوص ملکی قوانین کے تابع بنانے کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے، اور نفرت انگیز پوسٹ، مواد اپ لوڈ کرنے والوں کے خلاف بلاتفریق فوری ایکشن سے بہتر نتائج حاصل ہو ں گے۔ انہوں نے کہا کہ آل رسول ؐ کی محبت ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے جس کا پہرہ دینا ہمارا اولین فرض ہے اور تمام مسالک کے علماء مل کرایسی تمام قوتوں کے مکروہ عزائم کو ناکام بنائیں گے جو امت مسلمہ کی صفوں میں انتشار اور تفرقہ پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
صوبائی وزیر اوقاف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوس کے روٹس پر پیچ ورک اور لائٹس کا کام جلد مکمل کریں تا کہ عزا داروں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مجالس میں کورونا ایس او پیز کو بھی سختی سے ملحوظ خاطر رکھا جائے، سماجی فاصلہ اور ماسک کا استعمال لازمی ہو گا اور کسی بھی عزا دار کو ماسک کے بغیر جلوسوں یا مجالس میں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی اور کورونا ویکسی نیشن بھی ضروری ہوگی ۔
انہوں نے سی اوزمیونسپل کمیٹیز کو مزید ہدایت کی کہ وہ جلوسوں اور مجالس کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ بھی کروائیں اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز بھی اپنی اپنی تحصیلوں میں عاشورہ محرم الحرام کے انتظامات کومکمل کریں اور تجاوزات، لائٹس اور پیچ ورک کا کام جلد مکمل کروائیں۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنرنبیلہ عرفان ،ڈی پی او سید اکبر علی شاہ کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد حنیف،عائشہ غضنفر،اسسٹنٹ کمشنرزعثمان سکندر،عرفان مارٹن،عثمان اکرم،سی ای او ڈاکٹر خالد جاوید،ڈی او ڈاکٹرمحمد طارق،ڈی ایس پی ٹریفک فوزیہ،سی ڈی او عاصم ریاض،سی اوز میونسپل کمیٹیزو دیگر محکموں کے افسران بھی شریک ہوئے۔











