مری، 11 اگست(اے پی پی): ملکہ کوہسار مری میں جشن آزادی کو شایان شان طریقے سے منانے کے لئے پنجاب آرٹس کونسل مری کے زیراہتمام جاری ہفت روزہ پروگراموں کے سلسلہ میں محفل حسن قرأت کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں دینی مدارس کے طلباء نے بڑی تعداد میں شرکت جبکہ عوام بھی اس تقریب میں بھر پور انداز سے شریک ہوئے جشن آزادی کے حوالہ سے منعقدہ پروگرام میں تحصیل بھر سے10سےزائد مدارس کے طلباء نے حصہ لیا۔ طلباء نے حسن قرأت میں انتہائی دلنشیں انداز سے قرآن پاک کی تلاوت کی تلاوت جبکہ حضوراکرمؐ کی شان میں گلہائے عقیدت پیش کئے محفل میں شریک افراد روحانی طور پر حسن قرآت اور نعت رسول مقبولؐ کے پروگراموں سے خوب محظوظ ہوئے۔
اس موقع پر آرٹس کونسل کی گیلری میں نامورخطاطوں فن کاروں پر مبنی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ جس میں 30 سے زائد قرآنی آیات پر مبنی مختلف رسم الخط کے فن پارے رکھے گئے، قرآنی آیات کو خوبصورتی سے مزین کیا گیاجسے عوام نے بے حد سراہا ہے۔ جشن آزادی کے سلسلہ کی مختلف موضوعات کی یہ تقریبات14 اگست تک جاری رہیں گیں۔











