کمشنر جاوید اختر محمود کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر  متعلقہ اداروں  کو انتظامات مکمل کرنے کی  ہدایت

17

ملتان، 11 اگست (اے پی پی ):کمشنر جاوید اختر محمود کی جانب سے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر انتظامات مکمل کرنے کا ٹاسک دے  دیا  گیا ہے ۔

ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ آبپاشی کو حفاظتی بندوں کی بھرپور انسپکشن اور تجاوزات آپریشن  کی  ہدایت کی  گئی ہے۔ کمشنر جاوید اختر محمود نے کہا   کہ دریائی علاقوں سے نقل مکانی اور مشینری کی دستیابی کا پلان تیار رکھا جائے۔

 کمشنر جاوید اختر محمود کی صدارت میں سیلاب کے سلسلے میں اعلی سطح کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی شہزاد،ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن سرفراز احمد اور ڈپٹی کمشنرز شریک ہوئے، دریائی صورتحال اور حفاظتی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 جاوید اختر محمود نے کہا کہ سیلاب کا فی الحال کوئی خطرہ نہیں تاہم انتظامیہ مکمل الرٹ ہے ۔انہوں نے کہا کہ سانپ کاٹے کی ویکسین اور مویشیوں کے چارے کا وافر سٹاک رکھا جائے اور  ریسکیو سمیت ایمرجنسی ادارے موک ایکسائیز جاری رکھیں، شدید بارشوں کے پیش نظر واسا ڈسپوزل سٹیشنز کو مکمل فعال رکھا جائے۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سیلاب اور مون سون کے سلسلے میں مکمل تیار ہے، سیلاب کی صورتحال کو مانیٹر اور آگاہی دینے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ دریائی صورتحال معمول پر ہونے کے باوجود ایمرجنسی پلان مکمل تیار ہے۔