کوہلو،11اگست(اے پی پی): حساس اداروں کی اطلاع پر لیویز کیو آر ایف نے تحصیل کاہان کے علاقے پیشی میں تخریب کاروں کے ٹھکانے پر کارروائی کی،جس دوران اسلحہ و گولا بارود کی بڑی کھیپ قبضے میں لے لی گئی۔
ڈپٹی کمشنر کوہلو عمران ابرہیم بنگلزئی نے لیویز لائن کوہلو میں اسسٹنٹ کمشنر عبدالستار مینگل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ انچارج کیو آر ایف سبی زون رسالدار میجر شیر محمد مری کی سربراہی میں لیویز کیو آر ایف نے حساس اداروں کی اطلاع پر تحصیل کاہان کے علاقے پیشی میں کارروائی کرتے ہوئے تخریب کاروں کے ٹھکانے پر زیر زمین چھپایا گیا بھارتی ساختہ اسلحہ و گولا بارود بڑی تعداد میں برآمد کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تخریب کار اسلحہ و گولا بارود یوم آزادی پر صوبے میں کسی بڑے تخریبی کارروائی میں استعمال کرنا چاہتے تھے جسے لیویز فورس نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنا دیا ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق برآمد اسلحہ و گولا بارود میں ایم 25 گن ایک عدد، ایم 25 روند 312 عدد ، 12.7 کے روند 2300 عدد ، 70 عدد روند 60 ایم ایم , 70 عدد فرنٹ فیوز 60 ایم ایم , 70 عدد بیک پرائمر فیوز 60 ایم ایم ،آر پی جی 7 کے 6 عدد روندز ، آر پی جی 7 فیوز 6 عدد ، بارودی مواد کے 68 پیکٹ اور 2 عدد دھماکہ خیز مواد برآمد کئے گئے۔انہوں نے کہا کہ تخریب کاروں کے خلاف لیویز کی کارروائی جاری رہینگی۔
ڈی سی کوہلونے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر لیویز ،پولیس اور ایف سی کی جانب سے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کارروائی میں حصہ لینے والے اہلکاروں کے لئے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا ۔











