سکھر،12اگست (اے پی پی): قومی شاہراہ پر نجی کھاد بنانے والی کمپنی کے تعاون سے موٹر وے پولیس کے افسران و جوانوں نے مختلف گاڑیوں میں فرسٹ ایڈ باکس، سنیٹائزر، فیس ماسک دئیے اور موٹر سائیکل سواروں میں مفت ہیلمٹ تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر نجی کھاد بنانے والے کمپنی کے منیجر پبلک افیئر عون محمد اور منیجر ہاو ٔسنگ ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ محمد اطہر نے موٹر وے پولیس کے ساتھ آنے جانے والی گاڑیوں میں مختلف اشیاءمفت تقسیم کیں، جس کا مقصد روڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی اور روڈ حادثات کی روک تھام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا تھا۔
اس موقع پر نجی کمپنی کے منیجر پبلک افیئر عون محمد کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کمپنی مختلف کام کررہی ہے، ان میں ایک کام موٹر وے پولیس کے ساتھ انسانی زندگیوں کو روڈ حادثے سے محفوظ رکھنے کے لئے وقتاً فوقتاً کام کررہی ہے، جبکہ آئندہ بھی موٹر وے پولیس کے ساتھ قومی شاہراہ پر روڈ سیفٹی کے حوالے سے مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس موقع پر ایس پی موٹر وے سکھر سیکٹر جاوید اقبال چدھڑ نے آنے جانے والی گاڑیوں میں فرسٹ ایڈ باکس اور موٹر سائیکل سواروں میں سیفٹی ہیلمٹ کی تقسیم کے وقت ان کی افادیت کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا اور روڈ سیفٹی سے متعلق خصوصاً روڈ حادثات سے بچاو ٔ سے متعلق بتایا، ان کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل سوار موٹر سائیکل چلاتے وقت سیفٹی ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں،کیونکہ دوران روڈ حادثہ ہیلمٹ موٹر سائیکل سوار کو سر کی جان لیوا چوٹ سے محفوظ رکھتا ہے، گاڑی چلانے والے افراد اپنی گاڑیوں میں میڈیکل فرسٹ ایڈ باکس ضرور رکھیں۔ حادثے یا ایمرجنسی کی صورت میں فرسٹ ایڈ باکس بہت کارآمد ہوتا ہے۔











