سکھر،12اگست(اے پی پی):ہر سال کی طرح رواں سال بھی محرم الحرام کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکھر سمال ٹریڈرز کے صدر اور سکھر ڈیویلپمنٹ الائنس کے چیئرمین حاجی محمد جاوید میمن کی زیر میزبانی سکھرمیں ”امن کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب میں علمائے کرام نے کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں احترام انسانیت،امن ، صبر، برداشت کا درس دیتا ہے، تمام علمائے کرام اشتعال انگیزی سے گریز کریں،اپنے خطابات میں امن، بھائی چارے کا درس دیں کیونکہ اسلام محبت باٹنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، محرم الحرام ایک مقدس ماہ ہے، اسلام امن و سلامتی کا دین ہے۔
کانفرنس میں مفتی سعود افضل ہالیجوی،علامہ عالم شاہ موسوی، مفتی چمن زمان ، علامہ علی بخش سجادی،مولانا نور احمد قاسمی، مفتی قمر الدین ملانو سمیت رینجرز، پولیس کے افسران اور سکھر کی سیاسی، سماجی، تاجر شخصیات حاجی غلام شبیر بھٹو، عبدالستار راجپوت، غلام مصطفی پھلپوٹو و دیگر نے شرکت کی۔
اے پی پی/اطہراللہ/نورین











