راولپنڈی,12اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ میاں نواز شریف کو وطن واپس آکرعوام کو حقیقت سے آگاہ کریں، محرام الحرام میں انتشار پھیلانے والوں کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، راولپنڈی کے تاجرمحرم الحرام کے جلوسوں کے لیے ہمیشہ کی طرح بھرپور تعاون کریں گے،کوروناوائرس کی چوتھی لہر کے پیش نظر ہسپتالوں میں وینٹی لیٹرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے،عوام کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کے لیے ایک بڑے ہسپتال کا کام دسمبر میں شروع ہوگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی میں نئے وارڈز کا افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ آج ہم نے 20 نئے وینٹی لیٹرز این سی او سی سےفراہم کئے ہیں کیونکہ اس وقت کوروناوائرس کی چوتھی لہر کی وجہ سے راولپنڈی میں کورونا وائرس بڑھ رہا ہے اوراب یہاں85 وینٹی لیٹر ہو چکے ہیں جبکہ15 وینٹی لیٹرز ہمیں اور ملیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں دوسرے بڑے ہسپتال کا کام دسمبر تک شروع کر دیا جائے گے۔
انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے تاجروں اور دکانداروں سے کہوں گا کہ وہ محرم الحرام کی وجہ سے تعاون کریں۔محرم الحرام کے جلوسوں میں کسی قسم کا انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا۔ محرم الحرام کے حوالے سے لاہور جاؤں گااوروزارت داخلہ کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ 40 سال سے لال حویلی پر ہونے والا جلسہ محرم الحرام کی وجہ سے منسوخ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے سارے ثبوت اور فوٹیجز ہمارے پاس موجود ہیں۔نور مقدم کے جو قاتل ہیں ان کی فرانزک رپورٹ مل گئی اور میچ بھی کر گئی اوراس کیس میں والدین سمیت تمام ملزمان کے نام ای سی ایل میں شامل کر دیئے گئے۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ میاں نواز شریف خود پاکستان واپس آئیں اور آ کر اپنی قوم کو سچ بتائیں جبکہ شہباز شریف نے اب تک اپیل نہیں کی اورنواز شریف کو واپس آنا پڑے گا۔ پی ڈی ایم کو کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک اہم رول پلے کرنے جارہا ہے۔











