حکومت اور عوام کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے :وزیرِ اعظم عمران خان

13

اسلام آباد ،12 اگست (اے پی پی ): وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انکے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی  ہے، بھارتی ظلم و بربریت کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  وزیرِ اعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی  سے گفتگو میں کیا،جنہوں نے جمعرات  کو یہاں وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ملاقات میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کیلئے تعمیر و ترقی کے لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کو وزارتِ عظمی آزاد کشمیر کے عہدے پر منتخب ہونے پر مبارکباد  بھی پیش کی، جس پر وزیرِ اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے ان پر اعتماد کرنے پر وزیرِ اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں گفتگو کے دوران  وزیرِ اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ انکی حکومت کی ترجیح  جہاں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مسائل کا حل ہے، وہاں سرحد پار اپنے ان بہن بھائیوں کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے بھی ہر ممکنہ کوشش کرنی ہے جو  بھارت کے غیر قانونی تسلط میں بے پناہ مسائل کا شکار اور صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔