اسلام آباد۔12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ فیک نیوز اور گمراہ کن معلومات کے ذریعے پاکستان کے خلاف منظم پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ہم نے پہلے بھی اس کا مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے، دشمن ڈس انفارمیشن اور سائیکالوجیکل وار کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو نشانہ بنانے کی سازشیں کر رہا ہے، ہم سب نے مل کر ہائبرڈ وار کا مقابلہ کرنا ہے، سکیورٹی فورسز کی قربانیوں اور کارروائیوں کی وجہ سے آج ملک میں امن ہے، پاکستانی نوجوان ہماری طاقت اور صلاحیت ہیں اور نوجوانوں پر سرمایہ کاری کے ذریعے ہی پاکستان کامیاب ہو گا، کامیاب جوان اور کامیاب پاکستان پروگرام ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام ہے، جس پر ہم وزیر اعظم کے معاوں خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہائر ایجوکیشن کمیشن میں نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن میں کھیلوں اورہم نصابی سرگرمیوں کے خصوصی ڈویژن کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مراد سعید نے کہا کہ ہماری سکیورٹی فورسز وطن عزیز کے خلاف ہونے والی ہر سازش کا مقابلہ کر رہی ہیں اور پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف 120 ارب ڈالر کا نقصان اٹھا یا اور سکیورٹی فورسز اور عوام نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں جن کی بدولت امن کا حصول ممکن ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ اب ہائیبرڈ وار کے ذریعے پاکستان کو ڈس انفارمیشن پھیلا کر بدنام کرنے کی سازشیں کی جا رہی ہیں جس کا پہلے بھی ہم نے مقابلہ کیا اور آئندہ بھی کریں گے۔ وفاقی وزیر نے کامیاب جوان پروگرام کے تحت ہائیرایجوکیشن کمیشن میں کھیلوں اورہم نصابی سرگرمیوں کے خصوصی ڈویژن کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے عثمان ڈار کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے تحت انہوں نے پاکستان کے نوجوانوں کے لئے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پروگرام دیا ہے اور وہ نوجوانوں کے پاس خود جا رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں آپ پروگرام دیں سرمایہ ہم دیں گے۔ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو تربیت بھی دی جا رہی ہیں تاکہ وہ خود بھی پیروں پر کھڑے ہوں اور دوسروں کے روزگار کا بھی ذریعہ بنیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ پاکستان پوسٹ نے بھی کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو فرنچائز پوسٹ آفسز کے قیام ٓکا آغاز کر دیا ہے اور ہم 10 ارب روپے تک نوجوانوں کو مالی اعانت آسان شرائط پر فراہم کریں گے اور کامیاب جوان پروگرام کے تحت بنک آف پنجاب سرمایہ فراہم کرے گا۔ مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پہلے وزیر اعظم ہین جنہوں نے نوجوانوں کے لئے یہ پروگرام دیا اور عثمان ڈار نے اسے عملی جامہ پہنایا کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ آبادی کا 68 فیصد نوجوان پاکستان کی طاقت ہیں جن پر سرمایہ کاری کے ذریعے ہی ان کی صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جا سکتا ہے، موجودہ حکومت نہ صرف نوجوانوں پر سرمایہ کاری کر رہی ہے بلکہ اپنا گھر سکیم کے تحت گھر کی چھت فراہم کرنے اورچھوٹے کاشتکاروں کو قرضوں کی فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور 44 لاکھ خاندان اس پروگرام سے مستفید ہو رہے ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تجارت، آن لائن کاروبار اور ای کامرس کے ذریعے نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم معیشت کو آئی سی یو سے نکال کر بحالی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں، سیاحت کے شعبہ کو ترقی دی جا رہی ہے اور مالم جبہ، ناران، کا غان اور گلگت بلتستان کے بعد اب آزاد کشمیر میں بھی سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔ صرف کے پی کے نظر انداز کئے گئے علاقوں میں 68 کروڑ کی سرمایہ کاری صرف سیاحت کے فروغ پر کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیاب ہو گا تو پاکستان کامیاب ہوگا اور ہمارے با صلاحیت نوجوان اپنی صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا میں منوا کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔
فاروق











