اسلام آباد،23اگست (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ ہدایت وزیراعظم نے پیر کو قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں دی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے، نبی آخر الزماں ﷺکی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے۔ تاریخ اسلام کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺکی حیات مبارکہ سے ماخوذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت النبی ﷺکی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس ضمن میں تمام مکاتب فکر خصوصا علما کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے اور اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔
اجلاس میں معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پارلیمانی سیکرٹری وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔











