حکمت عملی کے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، ملک معاشی ترقی کی طرف گامزن ہے؛ وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین

20

اسلام آباد،27اگست  (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہا ہے کہ حکومت جامع اور پائیدار اقتصادی بڑھوتری کے سفر پر گامزن ہے، قومی معیشت کے اہم اشاریے بہتری کی عکاسی کر رہے ہیں، اقتصادی مشاورتی کونسل کے مختلف گروپوں کی جانب سے پیش کردہ سفارشات اور پالیسیوں پر عملدرآمد کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ  آف اکنامک ڈویلپمنٹ  پائیڈ سے ماہرین لئے جائیں گے، یہ ماہرین مختلف وزارتوں کے ساتھ تعاون کریں گے اور ان گروپوں کے مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کے بارے میں وزیراعظم کو ماہانہ پریزنٹیشن دی جائے گی، منصوبہ بندی کے بغیر پائیدار ترقی اور بڑھوتری کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔

 جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق سیّد فخر امام، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری و تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور اقتصادی مشاورتی کونسل کے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کہا کہ 1972ء کے بعد پہلی مرتبہ منظم انداز میں قومی معیشت کے اہم شعبوں کے حوالہ سے منظم منصوبہ بندی کی گئی ہے، قومی اقتصادی مشاورت کونسل میں نجی شعبہ کے سٹیک ہولڈرز کو شامل کیا گیا ہے، ہم نے 14 ترجیحی شعبوں کی نشاندہی کی اور ان کیلئے مختصر، درمیانے اور طویل المیعاد پالیسیاں اور اہداف کا تعین کیا۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی مشاورتی کونسل کے مختلف گروپوں کی جانب سے پیش کردہ سفارشات اور پالیسیوں پر عملدرآمد کیلئے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف اکنامک  ڈویلپمنٹ(پائیڈ) سے ماہرین لئے جائیں گے، یہ ماہرین مختلف وزارتوں کے ساتھ تعاون کریں گے اور ان گروپوں کے مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کے بارے میں وزیراعظم کو ماہانہ پریزنٹیشن دی جائے گی، اس حوالہ سے منظم طریقہ کار وضع کیا گیا ہے۔

 وزیر خزانہ نے کہا کہ جامع اور پائیدار اقتصادی بڑھوتری کے حصول کیلئے سفر کا آغاز کر دیا گیا ہے، ستمبر کے مہینے سے کارکردگی کا جائزہ لینے کا عمل شروع ہو گا، یہ ایک اہم پیشرفت ہے کیونکہ منصوبہ بندی کے بغیر ہم جامع اور پائیدار بڑھوتری حاصل نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجہ میں معیشت کے تمام اشاریے درست میں گامزن ہیں، اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ملک میں کاروبار کیلئے اعتماد کی رینکنگ بڑھائی ہے، پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ 16 سے 17 فیصد تک بڑھی ہے، اسی طرح موبائل فونز کی برآمدات درآمدات سے بڑھ گئی ہیں۔