کسان دوست پالیسیوں سے گندم، دھان و کپاس سمیت تمام اجناس کی ریکارڈ پیداوار ہوئی؛ سید فخر امام

25

اسلام آباد،27اگست  (اے پی پی): وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخر امام نے کہا ہے کہ کسان دوست پالیسیوں سے گندم، دھان و  کپاس سمیت تمام اجناس کی ریکارڈ پیداوار ہوئی، تحقیق و ٹیکنالوجی سے زراعت کے شعبے کو تقویت دے رہے ہیں۔

جمعہ کو یہاں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین ، وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیر برائے سرمایہ کاری و تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین اور اقتصادی مشاورتی کونسل کے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ وتحقیق سید فخر امام نے  بتایا کہ زراعت ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے لیکن گزشتہ 20 سال میں زراعت کے شعبہ پر توجہ نہیں دی گئی۔1960 سے 2001 تک زرعی ترقی 4 فیصد تھی لیکن 20 سال میں یہ کم ہوکر 3 فیصد پر آگئی۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار عمران خان کی اولین ترجیح ہیں،کاشتکار کا معیارزندگی بہتر معاوضہ سے ہی بلند ہوسکتا ہے،ملک میں 38 فیصد زرعی رقبہ پر گندم کاشت ہوتی ہے،اس کی امدادی قیمت 14 سو سے بڑھا کر 18 سو کرنے سے اس کی پیدوار میں 22 لاکھ ٹن ریکارڈ اضافہ ہوا۔اسی وجہ سے اس سال کوئی بحران پیدا نہیں ہوا۔دھان کی پیداوار میں 10لاکھ ٹن اضافہ ہواہے۔مکئی کی پیداوار میں 7 لاکھ ٹن اضافہ ہوا،کپاس کی پیداوار کا دس لاکھ ٹن بیلزکا ہدف تھا، توقع ہے کہ اس کے قریب قریب پیداوار ہوگی،موسم کی وجہ سے گزشتہ سال سندھ میں ہدف سے 50 فیصد کم پیداوار ہوئی۔

سید فخر امام نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت کاشتکاروں کو دیئے جانے والے قرضوں سے زرعی پیداوار میں بہتری آئے گی اس کے علاوہ تحقیق اور ٹیکنالوجی کی منتقلی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ ملک میں آم اور کنو کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہم لائیو سٹاک اورفشریز پر اپ گریڈ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔