لاہور۔5ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ ہمارا گہرا سٹریٹجک ،سیاسی ، سماجی اور معاشی تعلق ہے، کئی ملکوں کے خفیہ اداروں کے سربراہان نے کابل کا دورہ کیا ہے، انٹیلی جنس کی سطح پر غیر روایتی روابط برقرار رکھے جاتے ہیں، بھارت کو افغانستان میں ذلت اور رسوائی اٹھانی پڑی، بھارت کا افغانستان میں کوئی کردار نہیں ہے، بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کے انتقال کے بعد بھی بھارت خوف میں مبتلا ہے، سید علی گیلانی مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے استعارہ تھے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی سے ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت ا ور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت نے حریت رہنما سید علی گیلانی کی میت کی جو بے حرمتی کی ہے اس کی وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے شدید مذمت کی ہے ۔ ایک 92سال کا کشمیری مجاہد موت کے بعدآزادی اورحریت کی علامت ہے ۔ بھارت اتنا خوفزدہ ہے کہ وہ اس کی عوامی جنازہ کی اجازت دینے سے بھی ڈر رہا ہے، نریندرمودی جوہٹلر سے متاثر ہے اس کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں اورایک میت کواس کے خاندان کے حوالے نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کشمیر کی آزادی کا استعارہ ہیں ،بھارت سامراج جو ایک دہشتگرد فلاسفی رکھنے والی جماعت او ردہشگرد ی کی سرپرستی کرنے والا لیڈر جو بھارت پر مسلط ہے جس کا نام نریندرمودی ہے وہ اتنا بزدل ہے کہ وہ آزادی کے ایک استعارہ کو برداشت نہیں کر سکا ۔ پاکستان کی حکومت اورعوام اس کی سخت مذمت کرتے ہیں ۔ہم کشمیر کے لوگوںکو بتا نا چاہتے ہیں ہم سیسہ پلائی دیوار کی طرح آپ کے پیچھے کھڑے ہیں ،پاکستان نے کشمیر کے لئے تین جنگیں لڑی ہیں ،ہمارے قبرستان ان شہیدوں سے آباد ہیں جنہوںنے کشمیر کے لئے اپنا لہو دیا ہے ، کشمیر کی سات دہائیوں پر محیط جدوجہد ہے جسے ہم سلام پیش کرتے ہیں اور ہم اس کا عملی حصہ بھی ہیں۔











