دوبئی ایکسپو    برآمدی، سرمایہ کاری اور مارکیٹنگ سہولیات کےلیے  کلیدی کردار ادا کرے گا ،سفیر یو اے ای

46

اسلام آباد۔7ستمبر  (اے پی پی):پاکستان میں تعینات متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے کہا کہ یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکہ سمیت دنیا کے دیگر ممالک کیلئے برآمدات، سرمایہ کاری اور مارکیٹنگ کی سہولیات مہیا کرنے کے سلسلہ میں دوبئی کا 2020 ایکسپو کلیدی کردار ادا کرے گا جس سے پاکستان کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔منگل کے روز فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں بزنس کمیونٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان دنیا کا تیسرا ملک تھا جس نے متحدہ عرب امارات کو تسلیم کیاتھا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کی 50ویں سالگرہ بھر پور طریقے سے منائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم 1.7ملین پاکستانی اس ملک کی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے علاوہ پاکستان کو سالانہ 6ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھی بھیج رہے ہیں۔ انہوں نے دو طرفہ تجارتی حجم پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ تین سال قبل جب ان کی تعیناتی ہوئی تو دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کا حجم 14ارب ڈالر تھا جو اب بڑھ کر 17ارب ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرٹس ائیر لائن دن رات کارگو لانے اور لے جانے میں مصروف ہے جبکہ پاکستان سے آم اور دیگر پھل دوبئی کی ضروریات کو پورا کرنے کے علاوہ دیگر ملکوں کو بھی بھیجے جا رہے ہیں۔ کورونا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا کو فوڈ سیکورٹی کا چیلنج درپیش ہے جس پرہم مل کر قابو پا سکتے ہیں۔ انہوں نے دوبئی ایکسپو کے حوالے سے بتایا کہ غیر ملکیوں کو سرمایہ کاری کیلئے گولڈن اور گرین ویزا کی پالیسی لا رہے ہیں جس کے تحت اب سنگل انٹر ی ویزا کے علاوہ ملٹی پل ویزے بھی جاری کئے جائیں گے۔انہوں نے بتایا کہ اس نئی پالیسی بارے تفصیلات وہ بہت جلد فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کو مہیا کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت اسلام آباد اور کراچی میں ویزا سنٹر قائم ہیں جبکہ لاہور میں بہت جلد نیا ویزا سنٹر کام شروع کر دے گا جس کے ذریعے دوبئی میں کام کرنے والے اپنی افرادی قوت کی ضروریات کو بھی پورا کر سکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان انتہائی شفاف تعلقات ہیں۔ پاکستانی سرمایہ کاروں کو گولڈن اور گرین ویزا کی سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو بھی دوبئی 2020 میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے جبکہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھی اس ایکسپو میں شرکت کریں گے۔اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے فیصل آباد اور فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کا تعارف کرایا اور بتایا کہ یہ شہر ملک کی مجموعی برآمدات میں 33فیصد جبکہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 65فیصد کا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ملک کے وسط میں واقع ہے جس کے مشرق اور مغرب سے دو اہم ترین موٹر ویز گزرتی ہیں جن کے ذریعے برآمدی سامان شمال میں چین، افغانستان اور وسط ایشیائی ریاستوں جبکہ جنوب میں گوادر اور کراچی کی بندرگاہوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ فیڈمک کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ اس نے تین منصوبے شروع کئے ہیں جن میں ویلیو ایڈیشن سٹی، ایم تھری اور علامہ اقبال سپیشل اکنامک زون شامل ہیں جبکہ علامہ اقبال انڈسٹریل سٹیٹ سی پیک کا منصوبہ ہے جہاں 72سرکردہ صنعتی ادارے اپنے یونٹ قائم کر رہے ہیں جن میں مقامی سرمایہ کاروں کے علاوہ ترک، چینی اور دیگر ملکوں کے سرمایہ کار بھی شامل ہیں جو یہاں کراکری، سرامکس اور پلاسٹک سمیت کئی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سستی لیبر اور خام مال کے ذریعے غیر ملکیوں کو بھی اس سہولت سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کے دورے کا ذکر کیا اور کہا کہ ہم ان سے مل کر یہاں بین الاقوامی معیار کی فوڈ پراڈکٹس تیار کر سکتے ہیں جس سے دوبئی کو بھی فائدہ اٹھانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیل اور تعمیرات کے شعبہ میں بھی متحدہ عرب امارات پاکستان سے مل کر مشترکہ منصوبے شروع کر سکتا ہے جس سے بڑے پیمانے پر ملازمت کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں نئی حکومت کے قیام سے خطے میں امن کو تقویت ملے گی جبکہ وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت کو بھی فروغ دیا جا سکے گا۔ اس موقع پر سوا ل و جواب کی بھی نشست ہوئی جس میں نائب صدر ایوب اسلم منج، عبید اللہ شیخ، عبدالغفور اور حافظ شفیق کاشف سمیت دیگر تجارتی تنظیموں کے عہدیداروں نے بھی حصہ لیا۔ آخر میں صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی شیلڈ پیش کی جبکہ سینئر نائب صدر چوہدری طلعت محمود نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔