لاہور، 19 ستمبر (اے پی پی): صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نازک اور اہم مرحلے میں داخل ہورہا ہے جس کی بنیادی وجہ افغانستان ہے طالبان نے طویل جدوجہد کے بعد آزادی حاصل کی اور ثابت کیا کہ کوئی قوم کسی قوم کو طاقت کے زور پر زیادہ عرصہ تک نہیں دبا سکتی، افغانستان مین آنے والی تبدیلی کے مثبت اثرات کشمیریوں پر بھی مرتب ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر پریس کلب ارشد انصاری کی دعوت پر لاہور پریس کلب آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنی آزادی اور استصواب رائے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اب دنیا جان گئی ہے کہ یہ مسئلہ حل ہوئے بغیر خطے میں امن نہیں آسکتا۔ انہوں نے کہا کہ علی گیلانی کی آزادی کی خاطر بہت طویل جدوجہد تھی ان کے جنازے پر بھارت کا رویہ شرمناک تھا، شہدا کے قبرستان میں ان کی تدفین نہ ہونے دینا بھارتی اقدام قابل مذمت ہے بھارت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، مودی کے دور میں سیکولر بھارت کا شیرازہ بکھر رہا ہے نام نہاد سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار بھارت فاشزم کا شکار ہے۔