دماغ کی ورزش اور احتیاط سے ڈیمنشیا پر قابو پایا جاسکتا ہے؛ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

24

اسلام آباد،21ستمبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ صحت مند زندگی اور بڑھاپے میں نسیان کی بیماری کی شدت میں کمی کے لئے  ذہنی اور جسمانی ورزش  اور  نشوونما ضروری ہے،انسانی تعلق کی بنیاد ہمدردی ہے۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے منگل کو  الزائمر کے عالمی دن کے  موقع پر نیشنل ڈیمنشیا پلان کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہاکہ  ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے کہ عمر کے کسی حصے میں کسی کا محتاج نہ بنے ۔عمر کے آخری حصے میں انسان کی یاداشت کم ہوتی جاتی ہے۔انہوں  نے کہا کہ  صحت مند زندگی اور بڑھاپے میں نسیان کی بیماری کی شدت میں کمی کے لئے  ذہنی اور جسمانی ورزش  اور  نشوونما ضروری ہے۔ جسم کی ورزش سے بدن میں توانائی پیدا ہوتی ہے اسی طرح ، الزائمر سے کمزور ہونے والے دماغی خلیوں کو ذہنی مشقوں کے ذریعے بحالی میں مددملتی ہے۔

  صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا  کہ  وزیراعظم عمران خان نے والدہ کی یاد میں ایک عظیم مقصد کیلئے شوکت خانم میموریل ہسپتال تعمیر کیا۔  انہوں نے کہا کہ میڈیکل کی تعلیم میں موروثی بیماریوں سے متعلق آگاہی دی گئی ہے لیکن اس حوالے سے کوئی الگ شعبہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کے مقابلے میں خاندانی نظام مضبوط ہے۔ خاندان میں بزرگوں کا بھر پور خیال رکھا جاتا ہے۔ خاندان کو الزائمر کے مریض بزرگوں کی مشکلات کو سمجھناضروری ہے۔ انسانی تعلق کی بنیاد ہمدردی ہے۔