کوئٹہ،21 ستمبر(اے پی پی): ایس ایس پی آپریشن اسد ناصر نے کہا کہ کوئٹہ شہر کا برساتی نالہ منشیات فروش اور نشے کے عادی افراد کا گڑ بن چکا تھا، جرائم پیشہ افراد بھی سٹی نالے کو پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرتے تھے،رات کے اندھیرے میں کارروائی کے دوران 250 سے زائد عادی افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 25 منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی آپریشن اسد ناصر نے ڈی آئی جی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایس پی پی اسد ناصر نے کہا کہ آئی جی پولیس کی ہدایات پر سٹی نالے میں ایس پی قائد آباد اور ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے رات کے اندھیرے میں 250 سے زائد عادی افراد کو گرفتار کیا گیاجبکہ25 منشیات فروشوں کو بھی گرفتار کیا گیا، نالے کے اندر منشیات فروش اور نشی افراد نے باقائدہ آماجگاہیں بنا رکھی تھی جنہیں مسمار کردیا گیا،کارروائی کے دوران منشیات کے عادی افراد اور منشیات فروشوں سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا جبکہ گرفتار منشیات عادی افراد کو ر ہیبلیٹیشن سینٹر منتقل کیا جائیگا۔
ایس پی پی آپریشن نے کہا کہ عرصہ دراز سے نشے کے عادی افراد نے سٹی نالے کو اپنا کمین گاہ بنا رکھا تھا اور اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سماج دشمن عناصر نے باقاعدہ طور پر مسلح ہوکر اپنی مجرمانہ اور غیرقانونی سرگرمیوں اور منشیات کی خرید و فروخت جاری رکھی ہوئی تھی، آپریشن کے بعد سٹی نالے کے داخلی راستوں کو دیواریں تعمیر کر کے داخلی راستہ بند کیا جائے گا۔