ڈیرہ اسماعیل خان،23ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو یہاں کسان کنونشن اور کسان کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی تحقیق کے فروغ پر توجہ دینا ہوگی، پہلے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں بہت تحقیق ہوتی تھی لیکن اب نہیں ہو رہی، ہندوستان بھی ہمارے ساتھ آزاد ہوا لیکن کیونکہ وہاں زرعی تحقیق زیادہ ہو رہی ہے اس لئے اس کی زرعی پیدوار ہم سے زیادہ ہے، پانی کے بہتر استعمال، معیاری بیج اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فصلوں کی پیداوار بڑھائے جا سکتی ہے، اس سلسلہ میں وزیرستان میں زرعی ترقی کی بہت گنجائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک اور بالخصوص خیبرپختونخوا میں زیتون کی کاشت کا انقلاب آرہا ہے، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں بھی زیتون کی کاشت کو فروغ دیا جا سکتا ہے اور ہم یہ برآمد بھی کر سکتے ہیں، پاکستان میں زیتون اور ایواکارڈو جیسی سبزیوں اور پھلوں کی کاشت کیلئے حالات انتہائی موزوں ہیں، ہمیں اپنے ملک اور عوام کی ترقی کیلئے اگلے الیکشن کا نہیں اگلی نسلوں کا سوچنا ہوگا، 60 کی دہائی کے بعد پہلی مرتبہ زرعی شعبے کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔











