وزیر اعظم ملک کو درست سمت پر لے آئے ہیں، کوشش کر رہے ہیں کہ عوام کے سب مسائل حل کئے جائیں؛ معاون خصوصی ملک امین اسلم خان

26

اٹک،24ستمبر (اے پی پی): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو درست سمت پر لے آئے ہیں، حکومت کوشش کررہی ہے کہ عوام کے سب مسائل حل کئے جائیں، اب مہنگائی، بیروزگاری پر کنٹرول کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں، قوم کو جلد بڑی خوشخبریاں ملیں گی۔

وہ اٹک کے گاؤں گوندل میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کی افتتاحی تقریب اور پی ٹی آئی میں سیاسی شخصیات قاضی افضال، ریاست خان اور دیگر سیاسی دھڑوں کی شمولیتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک کی رائلٹی کے پیش نظرغازی بروتھہ کی حالیہ اعلان کردہ نوکریوں میں پہلی بار تمام بھرتیاں ضلع اٹک کو دی گئی ہیں، ضلع اٹک سوئی گیس اور بجلی پیدا کرتا ہے اس حوالہ سے بھی رائلٹی ضلع اٹک کو دلانے کیلئے بھر پور کوششیں جاری ہیں جس کی وزیر اعظم عمران خان نے باقاعدہ منظوری دیدی ہے۔

 قبل ازیں معاون خصوصی نے سیاسی رہنما ملک اکمل شفیق کے ڈیرہ پر یونین کونسل کامرہ میں ترقیاتی کاموں کے لیے 80 لاکھ روپے کی خصوصی گرانٹ کا اعلان کیا، گوندل جلسہ سے ملک جمیل، ملک وقار خان، قاضی افضال اور ریاست خان نے بھی خطاب کیا۔

 ملک امین اسلم نے اپنے خطاب میں   کہا کہ  واٹرفلٹریشن پلانٹ سے گوندل کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی ہو گی اور گندے پانی سے پھیلنے والی بیماریوں کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شمولیت اختیار کرنے والے دوستوں کو مایوس نہیں کرینگے، ہماری سیاست خدمت کی سیاست ہے،اٹک کے عوام کے لیے میری وزارت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں۔

 معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم خان نے کہا کہ پہلے بھی گوندل کو ہم نے سوئی گیس فراہم کی اب باقی ماندہ اضافی آبادی کو بھی سوئی گیس منظوری کا اعلان کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گوندل کے راستے، بجلی اور تمام مسائل سے آگاہ ہوں سب کو حل کرونگا۔