وزیراعظم عمران خان شمالی پنجاب کے سب سے بڑے روڈ منصوبے کا افتتاح نومبر میں کریں گے؛ چوہدری فواد حسین

12

جہلم،25ستمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ  اللہ تعالیٰ کی مہربانی اور وزیراعظم عمران خان کی خصوصی توجہ سے آج جہلم ترقی کی جانب گامزن ہے، ہم نے عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ تین سال میں ہی پورے کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نومبر میں کھاریاں سے اسلام آباد موٹر وے کی تعمیر کا آغاز کر رہے ہیں جو جہلم سے گزرے گی، اس موٹر وے سے لاہور اور اسلام آباد کے درمیان سو کلو میٹر کا فاصلہ کم ہوگا جبکہ اس موٹر وے سے روات، گوجرخان، سوہاوہ، چکوال، دینہ، جہلم، سرائے عالمگیر، کھاریاں، لالہ موسیٰ، وزیر آباد کی بڑی آبادی مستفید ہوگی جسے گزشتہ دور میں موٹر وے کی تعمیر کے وقت نظر انداز کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ پراجیکٹ نارتھ پنجاب کا سب سے بڑا روڈ پراجیکٹ ہوگا جس کا وزیراعظم نومبر میں افتتاح کریں گے۔